وِنِپیگ (کینیڈا)، 25 اگست (یو این آئی) شروری شندے نے انڈر-18 خواتین ریکرو مقابلے میں سونے کا تمغہ جیت کر عالمی تیراندازی یوتھ چیمپئن شپ 2025 میں ہندوستان کی مہم کا اختتام کیا۔شندے نے اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں جنوبی کوریا کی تیسری سیڈ کم ییوون کو شکست دی۔ مقابلہ 5-5 سے برابر رہا جس کے بعد شوٹ آف میں شندے نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10-9 سے جیت حاصل کی۔ سیمی فائنل میں انہوں نے پہلے ہی جنوبی کوریا کی ٹاپ سیڈ کم من جیونگ کو 7-3 سے شکست دی تھی۔ اس سے پہلے 16 سالہ دیپیکا کماری نے (2011) اور کوملکا باری نے (2021) میں اس چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ شندے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ رینکنگ والی حریفوں کو حیران کر دیا۔ اس جیت کے ساتھ وہ انڈر-18 خواتین ریکرو میں صرف تیسری ہندوستانی ورلڈ چیمپئن بن گئیں۔16 سالہ ہندوستانی تیرانداز کھلاڑی نے فائنل جیتنے کے بعد کہا، ’’کیا میں واقعی ورلڈ چیمپئن ہوں؟ اے ایشور، یہ کمال ہے۔ میں بس یہی سوچ رہی تھی کہ میں اپنا بہترین کھیل پیش کروں گی۔ ایک تیر ہی فیصلہ کرے گا کہ میں ورلڈ چیمپئن بنوں گی یا نہیں۔ میرے کوچ بار بار کہہ رہے تھے کہ اعتماد رکھو، اپنے آپ پر بھروسہ کرو، تم چیمپئن بنو گی۔‘‘اسی ہفتے کے آغاز میں شندے نے انڈر-18 خواتین ریکرو ٹیم ایونٹ میں ہندوستان کو کانسے کا تمغہ دلانے میں بھی مدد کی تھی۔ آخری دن گاتھا کھڈکے اور اگستیہ سنگھ نے انڈر-18 مکسڈ ریکرو ایونٹ میں چائنیز تائپے کو ہرا کر ایک اور کانسے کا تمغہ جیتا۔ان دو تمغوں کے ساتھ ورلڈ آرچری یوتھ چیمپئن شپ 2025 میں ہندوستان کے کُل تمغے آٹھ ہو گئے ہیں۔ ہندوستان نے اس مقابلے میں چار سونے، دو چاندی اور دو کانسے کے تمغے جیتے ہیں۔









