احمد آباد 25 اگست (یو این آئی) سابق عالمی چمپئن میرا بائی چانو نے پیر کو کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں خواتین کے زمرے میں اور دھرم جیوتی دیوگھریا نے مردوں کے زمرے میں سونے کے تمغے جیتے ہیں۔ آج یہاں مقابلہ میرابائی چانو نے 193 کلوگرام (84 کلو گرام اسنیچ پلس 109 کلو گرام کلین اینڈ جرک) اٹھا کر پوڈیم میں ٹاپ کیا۔ اس گولڈ میڈل نے انہیں گلاسگو 2026 کامن ویلتھ گیمز کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع فراہم کیا۔
خواتین کے 48 کلوگرام زمرے میں حصہ لیتے ہوئے میرابائی نے اسنیچ میں اپنی دوسری کوشش میں 84 کلو وزن اٹھایا، جبکہ اسی وزن کے زمرے میں ان کی پہلی کوشش ناکام رہی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی تیسری کوشش میں 87 کلو وزن اٹھانے کی کوشش کی، لیکن نہیں اٹھا سکی۔
کلین اینڈ جرک میں چانو نے 105 کلوگرام وزن اٹھا کر آغاز کیا، پھر اپنی دوسری کوشش میں 109 کلو وزن اٹھایا اور اپنی آخری کوشش میں 113 کلوگرام وزن اٹھانے کی کوشش کی، جسے وہ مکمل نہیں کر سکیں۔
ہندوستان کی سومیا سنیل دلوی نے 177 کلوگرام (76 کلوگرام پلس 101 کلوگرام) اٹھا کر چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ نائیجیریا کی روتھ آسوکو نیونگ نے مجموعی طور پر 167 کلوگرام (72 کلوگرام پلس 95 کلوگرام) اٹھا کر کانسی کا تمغہ جیتا۔
بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی نظر ثانی شدہ وزن کیٹیگریز کے تحت ان کی پسندیدہ 49 کلوگرام کیٹیگری بند ہونے کے بعد چانو اب 48 کلوگرام کیٹیگری میں حصہ لے رہی ہیں۔مردوں کے 56 کلوگرام نوجوانوں کے زمرے میں، ہندوستان کے دھرم جیوتی دیوگھریا نے 224 کلوگرام (97 کلو گرام اسنیچ پلس 127 کلو گرام کلین اینڈ جرک) اٹھا کر طلائی تمغہ جیتا۔
پائل نے یوتھ ویمن کے 48 کلوگرام زمرے میں مجموعی 166 کلوگرام (73 کلو گرام اسنیچ پلس 93 کلو کلین اینڈ جرک) اٹھایا اور تینوں زمروں میں کامن ویلتھ یوتھ ریکارڈ قائم کیا۔
دریں اثنا، سابق یوتھ ورلڈ چیمپئن پریتسمیتا بھوئی نے کل 150 کلوگرام (63 کلو گرام اسنیچ پلس 87 کلو گرام کلین اینڈ جرک) اٹھا کر یوتھ ویمنز 44 کلوگرام زمرہ جیت لیا۔
اس چیمپئن شپ میں 31 ممالک کے 300 سے زائد ویٹ لفٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کامن ویلتھ گیمز کے لیے کوالیفائنگ ایونٹ ہے۔









