نئی دہلی، 20 اگست (یو این آئی) اولمپین اننت جیت سنگھ نروکا نے تیسرے موقع پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے گزشتہ سال کے چاندی کے تمغے کو اس بار سونے میں بدل دیا۔ انہوں نے سابق ایشیائی کھیلوں کے چیمپئن منصور الرشیدی کو 56-57 سے شکست دے کر 16ویں ایشیائی شوٹنگ چیمپئن شپ کے مردوں کے اسکیٹ فائنل میں خطاب اپنے نام کیا۔ یہ مقابلہ تیسرے دن شِمکینٹ شوٹنگ پلازا میں کھیلا گیا۔
نروکا نے دو دن میں 119 اسکور کے ساتھ کوالیفکیشن میں تیسرا مقام حاصل کیا اور پھر 60 شاٹس کے فائنل میں پہلے ہی شاٹ سے پُراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کا سب سے بڑا تمغہ جیتا۔انہوں نے ابتدائی 30 میں سے 29 نشانے لگائے اور پھر 36 میں سے 35 ہدف پر کامیابی حاصل کر کے پہلی بار سبقت بنائی۔ آخری 10 شاٹس میں وہ ایک پوائنٹ کی برتری پر تھے اور آخر تک اسے برقرار رکھا، حالانکہ دونوں کھلاڑیوں نے آخری راؤنڈ میں ایک ایک ہدف گنوایا۔ اس جیت کے ساتھ انہوں نے پچھلے سال کویت سٹی میں ایک اور کویتی شوٹر سے ملی شکست کی تلخ یادوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اسی دن ہندوستان نے مزید دو سونے کے تمغے جیتے — 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم جونیئر اور یوتھ زُمرے میں۔ اس کے علاوہ سینئر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم میں سروچی اور سوربھ چودھری نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ سینئر ویمن اسکیٹ ٹیم — مہیشوری چوہان، گنےمت سیکھوں اور رائزہ ڈھلوں نے بھی ٹیم کانسی جیتا۔ اس طرح ہندوستان نے دن کا اختتام تمغہ ٹیبل میں سب سے اوپر رہتے ہوئے کیا، جیسا کہ دوسرے دن بھی ہوا تھا۔ ہندوستان کے کُل تمغوں کی تعداد اب 19 ہے — 9 طلائی، 5 چاندی، اور 5 کانسی۔









