شیمکنت(قازقستان)، 18 اگست (یو این آئی) ہندوستان کے پسٹل نشانہ باز کپل بینسلا نے 16ویں ایشیائی شوٹنگ چیمپئن شپ رائفل/پسٹل/شاٹ گن میں پیر کو ہندوستان کو پہلا سونے کا تمغہ دلایا۔ وہیں ٹیم مقابلے میں کپل اور جوناتھن نے وجے تومر کے ساتھ چاندی کا تمغہ بھی جیتا۔ اس کے علاوہ انمول جین، سوربھ چودھری اور آدتیہ مالرا نے مردوں کے 10 میٹر ایئر پسٹل ٹیم ایونٹ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ بینسلا نے 10 میٹر ایئر پسٹل مردوں کے جونیئر فائنل میں 243.0 اسکور بنایا اور ازبکستان کے اوبیدجونوف کو 0.6 پوائنٹ کے فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔ کپل کے ہم وطن جوناتھن گیون اینتھنی نے 220.7 اسکور بنا کر کانسی کا تمغہ جیتا، لیکن 24 شاٹس کے فائنل میں 22ویں شاٹ کے بعد باہر ہوگئے۔اس سے پہلے کپل نے کوالیفکیشن میں 579 پوائنٹس بنا کر چوتھا مقام حاصل کیا تھا اور جوناتھن کے ساتھ ٹاپ آٹھ میں جگہ بنائی تھی، جو 582 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے۔ مکیش نیلاولی جوناتھن سے صرف دو انر 10کم اسکور لے کر تیسرے مقام پر رہے اور اس طرح فائنل میں تین ہندوستانی کھلاڑی پہنچے۔ کوریا کے کھلاڑی کم ڈویون نے بھی 582 پوائنٹس بنا کر ٹاپ مقام حاصل کیا، لیکن “انر 10 رِنگ” میں جوناتھن سے کم از کم چھ شاٹس زیادہ لگائے۔ازبکستان کے کھلاڑی اوبیدجونوف فائنل میں سب سے تیز آغاز کرنے والے کھلاڑی تھے، کپل مسلسل ان کا پیچھا کرتے رہے اور پھر 15ویں شاٹ کے بعد پہلی بار ان سے آگے نکلے۔ ازبک کھلاڑی نے 20ویں شاٹ کے بعد برتری حاصل کرلی اور آخری دو میں کپل سے پورے ایک پوائنٹ آگے تھے۔
ہریانہ کے پلول کے اس نوجوان ہندوستانی کھلاڑی نے 10.8 اور 10.6 پوائنٹس بنائے، جبکہ اوبیدجونوف نے 10.4 پوائنٹس بنا کر اپنا 23واں شاٹ مکمل کیا، لیکن 9.4 پوائنٹس لے کر کپل کو خطاب دلادیا۔کپل اور جوناتھن نے وجے تومر کے ساتھ مل کر کل 1723 پوائنٹس کے ساتھ اس ایونٹ کا ٹیم چاندی کا تمغہ جیتا۔ کوریا نے 1734 پوائنٹس کے ساتھ سونا اور میزبان قازقستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔سینئر مردوں کے فائنل میں، مقابلے میں شامل واحد ہندوستانی انمول جین 155.1 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے مقام پر رہے۔ چین کے ہو کائی نے سونے کا تمغہ جیتا، جبکہ چین نے بھی اس ایونٹ کا ٹیم گولڈ اپنے نام کیا۔انمول نے آدتیہ مالرا اور سوربھ چودھری کے ساتھ مل کر 1735 پوائنٹس کے ساتھ ٹیم چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ وہیں چین کے ہو کائی، چانگجی یو اور ییفان ژانگ نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ ایران نے کانسی جیتا۔منگل کو دوسرے دن خواتین اور جونیئر خواتین ایئر پسٹل فائنل کھیلے جائیں گے۔









