نئی دہلی، 7 اگست (یو این آئی) ملیشیا کے کوالالمپور میں اے ایف سی ہاؤس میں جمعرات 7 اگست 2025 کو ہونے والی قرعہ اندازی کے بعدہندوستان کی انڈر 17 خواتین ٹیم کو اے ایف سی انڈر 17 ویمنز ایشیا کپ چین 2026 کوالیفائر کے گروپ جی میں ازبکستان اور کرغستان جمہوریہ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔قرعہ اندازی میں 27 ٹیموں کو آٹھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا – چار گروپوں میں تین ٹیمیں اور تین گروپس میں پانچ ٹیمیں شامل ہیں۔ وہ 13 سے 17 اکتوبر 2025 تک سنگل راؤنڈ رابن سنٹرلائزڈ لیگ فارمیٹ میں کوالیفائر میں شرکت کریں گے۔ہندوستان کا مقابلہ 13 اکتوبر کو کرغستان جمہوریہ اور 17 اکتوبر کو بشکیک میں ازبکستان سے ہوگا۔آٹھ گروپ کے فاتح فائنل کے 10ویں ایڈیشن میں جائیں گے، جہاں ان کے ساتھ FIFA U-17 ویمنز ورلڈ کپ 2025 کی چار AFC ٹیمیں شامل ہوں گی جنہوں نے براہ راست کوالیفائی کر لیا ہے ۔ جن میں شمالی کوریا، جاپان، کوریا ریپبلک اور چین شامل ہیں ۔کوالیفائر ڈرا کے لیے، 27 ٹیموں کو فائنل کے پچھلے تین ایڈیشنز میں ان کی آخری درجہ بندی سے اخذ کردہ پوائنٹس سسٹم کی بنیاد پر چار پاٹس میں رکھا گیا تھا۔ ہندوستان کو پاٹ 1 میں سیڈ کیا گیا تھا۔
اے ایف سی انڈر 17 ویمنز ایشین کپ چائنا 2026 30 اپریل سے 17 مئی 2026 تک منعقد ہوگا اور ٹاپ چار ٹیمیں فیفا انڈر 17 ویمنز ورلڈ کپ مراکش 2026 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ہندوستان نے آخری بار 2005 میں اے ایف سی انڈر 17 ویمنز ایشیا کپ میں حصہ لیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم کا ہدف کوالیفائر کے ذریعے پہلی بار براعظمی مرحلے کے لیے کوالیفائی کرکے تاریخ رقم کرنا ہو گا۔