نئی دہلی، 05 اگست (یواین آئی) باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا (بی ایف آئی) نے کہا ہے کہ 7 سے 13 اگست 2025 تک اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں واقع گلگوٹیا یونیورسٹی میں چوتھی سب-جونیئر (انڈر 15) لڑکوں اور لڑکیوں کی قومی باکسنگ چیمپئن شپ میں 700 سے زائدنوجوان باکسرز حصہ لیں گے، جن میں 13 سے 14 سال کی عمر کے 400 لڑکے اور 300 لڑکیاں شامل ہوں گی، جو 15 وزن کے زمروں میں مقابلہ کریں گے۔بی ایف آئی کے وسیع منصوبے کے تحت یہ سب-جونیئر چیمپئن شپ نوجوان صلاحیتوں کو شناخت کرنے اور انہیں اعلیٰ سطح کی مسابقت کے لیے تیار کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ یہ ایونٹ اس سال کے آغاز میں مردوں، خواتین، اور جونیئر قومی مقابلوں کی کامیاب میزبانی کے بعد منعقد ہو رہا ہے، جن سے بین الاقوامی تمغہ جیتنے والے اور مستقبل کے کھلاڑی سامنے آ چکے ہیں۔ ہریانہ (لڑکیاں) اور چنڈی گڑھ (لڑکے) اس ایڈیشن میں گزشتہ چیمپئن کی حیثیت سے شرکت کر رہے ہیں۔بی ایف آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور عبوری کمیٹی کے رکن، کرنل ارون ملک (ریٹائرڈ) نے کہا:سب-جونیئر نیشنل چیمپئن شپ وہ مقام ہے جہاں سے ہندوستان کی باکسنگ کی اصل کہانی شروع ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: یہ پلیٹ فارم نوجوان باکسرز کو ان کے کیریئر کے آغاز میں ہی مسابقتی تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہاں پر نکھرنے والی صلاحیت، نظم و ضبط اور اعتماد بین الاقوامی کامیابی کی بنیاد ہے۔ یہ ان نوجوان باکسرز کے سفر کا ایک اہم پہلا قدم ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ ہم یہاں مستقبل کے کئی ستاروں کو ابھرتے دیکھیں گے۔باکسرز عالمی باکسنگ تکنیکی قوانین کے مطابق مقابلہ کریں گے، جس میں تین راؤنڈ ہوں گے، ہر راؤنڈ ڈیڑھ منٹ کا ہوگا، اور راؤنڈز کے درمیان ایک منٹ کا وقفہ ہوگا۔ 10 نکاتی لازمی اسکورنگ سسٹم کو اپنایا جائے گا۔ آر ای سی ٹیلنٹ ہنٹ 2024 کے تمغہ جیتنے والے بھی اس مقابلے میں شرکت کے اہل ہوں گے، جس سے یہ چیمپئن شپ مزید چیلنجنگ بن جائے گی۔