الماتی (قازقستان)، 04 اگست (یواین آئی): سابق ایشیائی چیمپئن ہندوستانی ایتھلیٹ عبداللہ ابوبکر نے کوسانوف میموریل 2025 ایتھلیٹکس میٹ میں مردوں کی ٹرپل جمپ کا خطاب صرف ایک سینٹی میٹر کے فرق سے جیت لیا۔کامن ویلتھ گیمز کے سلور میڈلسٹ ابوبکر نے 16.08 میٹر کی چھلانگ لگائی اور ورلڈ ایتھلیٹکس کانٹینینٹل ٹور برونز میٹ میں فتح حاصل کی۔ جنوبی کوریا کے یو گیومِن اور کم جنگ-وو نے 16.07 میٹر کی چھلانگ لگائی، لیکن یو گیومِن کو دوسری بہترین جمپ (15.90 میٹر) کی بنیاد پر دوسرا مقام ملا۔ابوبکر نے اس سال بنگلور میں 17.19 میٹر کے اپنے بہترین ذاتی ریکارڈ کا اعادہ کیا تھا۔ وہ 13 سے 21 ستمبر تک ٹوکیو میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ اگرچہ براہِ راست کوالیفائنگ مارک 17.22 میٹر ہے، لیکن وہ ورلڈ رینکنگ کوٹے کے ذریعے اہل ہونے کی امید رکھتے ہیں۔ کوالیفکیشن ونڈو 27 اگست کو بند ہوگی۔









