لاڈر ہل، 3 اگست (یو این آئی) جیسن ہولڈر (چار وکٹ/16 رنز) کی شاندار کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے اتوار کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرلی ہے۔
ایک سو چونتیس رنوں کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور 26 کے اسکور پر اس کے دو وکٹ گر گئے۔ ایلک ایتھنیز (دو) اور جیول اینڈریو (12) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ شرفین ردرفورڈ (چھ)، کپتان شائی ہوپ (21)، روسٹن چیس (16)، کیسی کارٹی (تین) اور روماریو شیفرڈ (15) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے گڈاکیش موتی نے 20 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے سب سے زیادہ 28 رن بنائے۔ جیسن ہولڈر نے 10 گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر 16 رنز کی ناٹ آؤٹ میچ وننگ اننگز کھیلی۔ ہولڈر نے میچ کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ شمر جوزف دو رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 135 رنز بنائے اور میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔ جیسن ہولڈر کو بہترین کارکردگی پر ’پلیئر آف دی میچ‘ کا ایوارڈ سے نوازا گیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین اور سیم ایوب نے دو وکٹ حاصل کئے۔ شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہیں رہا اور 21 کے اسکور پر اس کے تین وکٹ گر گئے۔سیم ایوب (سات)، صاحبزادہ فرحان (تین) کو جیسن ہولڈر نے آؤٹ کیا۔ محمد حاشرچار رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد فخر زمان اور کپتان آغا سلمان نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ پاکستان کا چوتھا وکٹ 10ویں اوور میں فخر زمان (20) کی صورت میں گرا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے حسن نواز نے آغا سلمان کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 60 رنوں کا اضافہ کیا۔ ہولڈر نے 16ویں اوور میں حسن نواز کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ حسن نواز نے 23 گیندوں پر چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 40 رنز بنائے۔ آغا سلمان نے 33 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کے بالنگ اٹیک کے سامنے پاکستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 133 رنز بنا سکی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 19 رنز کے عوض چار وکٹ حاصل کئے۔ گڈاکیش موتی نے دو وکٹ لئے جبکہ عقیل حسین، شمر جوزف اور روسٹن چیز نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔