اوول (لندن)3اگست:خراب روشنی کے باعث بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے اوول ٹیسٹ کے چوتھے دن کا کھیل جلد ختم کر دیا گیا۔ انگلش ٹیم فتح سے 35 رنز دور ہے۔ جبکہ بھارت کو 4 وکٹیں درکار ہیں۔انگلینڈ نے 374 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتوار کو اسٹمپ تک 6 وکٹوں پر 339 رنز بنا لیے ہیں۔ جیمی اسمتھ 2 اور جیمی اوورٹن صفر پر ناقابل شکست ہیں۔ جو روٹ 105 رنز بنانے کے بعد اور ہیری بروک 111 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔لنچ سے قبل اولی پوپ (27 رنز) کو محمد سراج، بین ڈکٹ (54 رنز) کو پرسدھ کرشنا نے پویلین بھیجا۔ پرسدھ کرشنا نے 3 اور محمد سراج نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہیری بروک نے 61ویں اوور میں اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اس سیریز میں اپنی دوسری سنچری بنائی۔ اوول ٹیسٹ کے چوتھے دن کا دوسرا سیشن انگلینڈ کے حق میں گیا۔ اس سیشن میں انگلینڈ نے ایک وکٹ کھو کر 153 رنز بنائے۔چائے کے وقفے پر انگلینڈ کا اسکور 317 رنز تھا۔ جو روٹ (98 رنز)اور جیکب بیتھل اس بلے بازی کر رہے تھے۔جو روٹ نے 69ویں اوور میں اپنی سنچری مکمل کی۔ سنچری بنانے کے بعد روٹ نے اپنے بلے کو چوما اور شائقین کا مبارکباد قبول کی۔
تیسرے دن بھارت اپنی دوسری اننگز میں 396 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 247 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ ٹیم کو پہلی اننگز میں 23 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ بھارت نے پہلی اننگز میں 224 رنز بنائے تھے۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار 9 بلے بازوں نے ایک سیریز میں 400 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ موجودہ سیریز میں بھارت کے 5 اور انگلینڈ کے 4 بلے بازوں نے 400 سے زائد رنز بنائے ہیں۔یہ ٹیسٹ تاریخ کی دوسری سیریز ہے جس میں 7 ہزار سے زائد رنز بنائے گئے ہیں۔ اس سے قبل 1993 کی ایشز سیریز میں 7221 رنز بنائے تھے۔ اس سیریز میں 6 میچ کھیلے گئے۔