ہرارے، 13 جولائی (یو این آئی) ڈیون کونوے، مچ ہے، جمی نیشم اور ٹم رابنسن زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ سہ فریقی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹی 20 انٹرنیشنل ٹیم میں شامل ہوں گے۔وکٹ کیپر بلے باز کونوے نے فن ایلن کی جگہ لی ہے، جو امریکہ میں میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) میں کھیل کے دوران پیر میں چوٹ لگنے کی وجہ سے سیریز سے باہر ہو گئے۔ہے، نیشم اور رابنسن مائیکل بریسویل، مارک چیپ مین، گلین فلپس اور رچن رویندر کے اضافی کور کے طور پر ٹیم میں شامل ہوں گے، جو کل ہونے والے میجر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شامل ہیں۔کیویز کے ہیڈ کوچ روب والٹرکو اس بات سے مایوسی ہوئی کہ فن ایلن سیٹ اپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔والٹر نے کہا ’’ہم واقعی فن کے لئے پریشان ہیں۔ مجھے امید تھی کہ ان کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا اور وہ ایم ایل سی سے اپنی فارم برقرار رکھیں گے لیکن بدقسمتی وہ زخمی ہوگئے۔ہم خوش قسمت ہیں کہ ڈیون کے معیار کاکوئی فرد ان کی جگہ لے گا۔ ‘ ‘اس سہ رخی سیریز کا آغاز کل میزبان زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سے جائے گا۔ نیوزی لینڈ اپنا پہلا مقابلہ 16 جولائی کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔ آئی سی سی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 26 جولائی کو کھیلے جانے والے فائنل سے پہلے ہر ٹیم دوسری سے دو بار کھیلے گی۔
سہ فریقی فکسچر:
14 جولائی – زمبابوے بمقابلہ جنوبی افریقہ
16 جولائی – جنوبی افریقہ بمقابلہ نیوزی لینڈ
18 جولائی – زمبابوے بمقابلہ نیوزی لینڈ
20 جولائی – زمبابوے بمقابلہ جنوبی افریقہ
22 جولائی – نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ
24 جولائی – زمبابوے بمقابلہ نیوزی لینڈ
26 جولائی – فائنل۔









