بھوپال 11جولائی: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ آج ملک کا سب سے ترقی یافتہ شعبہ ہے اور یہ شعبہ ملک کی تعمیر نو میں بڑا تعاون دے رہا ہے۔ رئیل اسٹیٹ کی ترقی میں ہی ملک کی ترقی شامل ہے۔ اس شعبے کی حوصلہ افزائی کے لیے ہم ریاست کے تمام بڑے شہروں میں اسی طرح کے گروتھ کانکلیو کا انعقاد کرکے سب کو گھر فراہم کرکے شہریوں کی زندگیوں میں خوشحالی لائیں گے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر اب ملک کی جی ڈی پی میں 8.5 فیصد تک تعاون دے رہاہے جو کبھی صرف 3 فیصد تھا۔ گجرات کے ‘گفٹ سٹی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں اس طرح کی 10 اسمارٹ سٹیز تیار کی جائیںگی۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں 10 لاکھ نئے گھر بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں کے لیے خصوصی گروتھ کانکلیو کا انعقاد کیا جائے گا جس سے ریاست کی صنعتی ترقی کو نئی رفتار اور نئی سمت ملے گی۔
ریاست کی مجموعی شہری ترقی اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو نئی سمت دینے کے مقصد سے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعہ کو اندور واقع بریلئنٹ کنوینشن سینٹر میں ‘مدھیہ پردیش گروتھ کانکلیو 2025’ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس پروگرام میں صنعت، ہوٹل، رئیل اسٹیٹ، تعلیم، قابل تجدید توانائی، آئی ٹی وغیرہ کے شعبوں میںتقریباً 30 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں، اس سے ریاست میں روزگار کے 15 ہزار سے زیادہ نئے مواقع پیدا ہوں گے اور شہری اور صنعتی ترقی کو نئی بلندیاںحاصل ہوں گی۔ کانکلیو میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست کی ترقی کے لیے 12 ہزار 360 کروڑ روپے کی سوغاتیںبھی دیں۔ انہوں نے خاص طور پر آب فراہمی، سیوریج، صفائی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے 5 ہزار 454 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کاموں کا بھومی پوجن بھی کیا۔ اس موقع پر پردھان منتری آواس یوجنا اربن کے تحت 65 ہزار سے زائد ضرورت مندوںکو 2 ہزار 799 کروڑ روپے سے زیادہ کی گرانٹ بھی تقسیم کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں شمسی توانائی، گرین فیلڈ ہائی وے، ٹاؤن شپ اور اسمارٹ سٹی پروجیکٹوں کو فروغ دیا جائے گا۔کانکلیو میں صنعتی شعبے میں سب سے زیادہ 12,473 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ اسی طرح ہوٹل کے شعبے میں 3,344 کروڑ روپے، رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں 1812.14 کروڑ روپے، تعلیم کے شعبے میں 72.45 کروڑ روپے، قابل تجدید توانائی کے شعبے میں 500 کروڑ روپے اور آئی ٹی کے شعبے میں 100 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ اندور اور بھوپال ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت 12 سرمایہ کاروں سے 2,784 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ بلدیاتی اداروں کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے 1,320 کروڑ روپے سے زیادہ کی گرانٹ دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ نیکسٹ ہورائزن: بلڈنگ سٹیز آف ٹومارو کانکلیو سے مدھیہ پردیش کے شہروں کو ایک نئی پروازملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قابل رسائی، تیز رفتار اور محفوظ نقل و حمل کسی بھی جدید شہر کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ مستقبل کی نقل و حمل کی ضروریات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، بھوپال اور اندور میٹرو پروجیکٹ تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ جبل پور اور گوالیار جیسے شہروں میں ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ ہب تیار کیے جا رہے ہیں۔ بھوپال، اندور، گوالیار، جبل پور، اجین اور ساگر شہروں میں پردھان منتری ای بس سیوا یوجنا کے تحت 582 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے شہروں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے سوغاتیں دیں
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کانکلیو میں ریاست کے شہروں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے 12,500 کروڑ روپے کے سوغاتیں فراہم کیں۔ خاص طور پر اندور شہر کے لیے امرت 2.0 کے تحت واٹر سپلائی اور سیوریج اسکیم کے لیے 2,382.03 کروڑ روپے کی سوغات دی گئی۔ سووچھ بھارت مشن کے تحت استعمال شدہ آب فراہمی بندوبست اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے 257 پروجیکٹوں کے لیے 3,562.27 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پردھان منتری آواس یوجنا 1.0 کے تحت 45,503 ضرورت مندوں کو گریہ پرویش کروایاگیا۔ پردھان منتری آواس یوجنا 2.0 کے تحت 19,541 ضرورت مندوںکو منظوری نامے تقسیم کیے گئے۔ کل65044ضرورت مندوںکو2799.26کروڑ روپے کی رقم منتقل کی گئی۔
مدھیہ پردیش حکومت اور بھاسکراچاریہ انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ایپلی کیشنز اینڈ جیو انفارمیٹکس (BISAG-N) کے درمیان اہم ایم او یو ہوا ہے ۔محکمہ شہری ترقیات کے تحت مدھیہ پردیش شہری ترقیات کمپنی اور ہائوسنگ نیز شہری ترقیات کارپرویشن لمیٹیڈ (HUDCO)کے درمیان معاہدہ عمل میں آیا۔ مدھیہ پردیش حکومت اور آئی آئی ایم اندور کے درمیان سنہستھ2028 کے ایکشن پلان کے کامیاب نفاذ کے لیے ایم او یو کیاگیا۔