لندن، 9 جولائی (یو این آئی) دفاعی ومبلڈن چیمپئن کارلوس الکاراز نے برطانیہ کے کیمرون نوری کو شکست دی اور خواتین کے زمرے میں امریکہ کی امانڈا انسیمووا نے ایناستاسیا پاولیوچینکووا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔سینٹر کورٹ پر کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں الکاراز نے ایک گھنٹہ 39 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور نوری کو 6-2، 6-3، 6-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ یقینی کرلی۔الکاراز کا مقابلہ اب سیمی فائنل میں امریکی ٹیلر فرٹز سے ہوگا۔نمبر ون کورٹ پر کھیلے گئے میچ میں امانڈا انسیمووا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی اناستاسیا پاولیوچینکووا کو ڈرامائی انداز میں کوارٹر فائنل مقابلے میں 6-1، 7-6 (9) سے شکست دے کر پہلی بار ومبلڈن کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔تیئس سالہ امریکی کھلاڑی پہلے سیٹ پر حاوی رہنے اور دوسرے سیٹ میں 5-2 کی برتری حاصل کرنے کے بعد سیدھی جیت کی طرف بڑھتے نظر آئے۔ لیکن میچ اس وقت دلچسپ ہو گیا جب بیماری اور تھکاوٹ سے نبرد آزما پاولیوچینکووا نے زبردست واپسی کی۔ روسی کھلاڑی نے کئی میچ پوائنٹس بچائے اور سیٹ کو دلچسپ ٹائی بریکر میں پہنچا دیا۔ انیسیمووا نے اپنے چوتھے میچ پوائنٹ پر 10-9 کے اسکور پر شاندار واپسی کے ساتھ آخر کار میچ جیت لیا۔انسیمووا اب سیمی فائنل میں نمبر 1 سیڈ آرینا سبالینکا سے مقابلہ کریں گی۔ سبالینکا نے پہلے دن لورا سیگمنڈ جیسی مشکل حریف کو شکست دی تھی۔