پالے کیلے، 9 جولائی (یواین آئی) کُسل مینڈس (124)، کپتان چریت اسالنکا (58) کی شاندار بلے بازی نیز اسیتھا فرنینڈو اور دشمنتھا چمیرا کی عمدہ گیندبازی کی بدولت سری لنکا نے تیسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش کو 99 رنز سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ سری لنکا نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔منگل کی شب کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے کسل مینڈس 114 گیندوں پر 124 اور کپتان چریت اسالنکا (58) رنوں کی شاندار بلے بازی کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 285 رنز بنائے۔ پتھم نسنکا (35) اور جنیت لیانگے نے 12 رنوں کا تعاون دیا۔ وینندو ہسرنگا (18) اور دشمنتھا چمیرا (10) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ تنظیم حسن ثاقب، شمیم حسین اور تنویر اسلام نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔286 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری بنگلہ دیش کی شروعات خراب رہی اور اس نے 20 رنز کے اسکور پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ تنزید حسن (17) کو اے فرنینڈو نے بولڈآؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں نجم الحسین شانتو (0) کو بولڈ کر کے سری لنکا کو دوسری کامیابی دلائی۔ بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ پرویز حسین ایمون (28) کی صورت میں گری۔ اس کے بعد محمد توحید ہردوئے اور مہدی حسن میراز نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 43 رنز جوڑے۔
21ویں اوور میں ڈنیت ویللاج نے مہدی حسن میراز (28) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کا کوئی بھی بلے باز سری لنکا کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر تک رک نہ سکا۔ شمیم حسین (12) اور پھر محمد توحید ہردوئے (51) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ تنظیم حسن ثاقب (پانچ)، تسکین احمد (ایک)، تنویر اسلام (آٹھ) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 39.4 اوورز میں 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ 124 رنز کی سنچری اور سیریز میں سب سے زیادہ 225 رنز بنانے والے کسل مینڈس کو ‘پلیئر آف دی میچ اور ‘پلیئر آف دی سیریز’ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے سات اوورز میں 33 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ دشمنتھا چمیرا نے آٹھ اوورز میں 51 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ڈونتھ ویللالاگے اور وینندو ہاسرنگا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ مہیش تھیکشنا اور کامندو مینڈس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔









