سینٹ جارج، 7 جولائی (یواین آئی) نیتھن لاین اور مچل اسٹارک (تین تین وکٹیں) کی شاندار گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز کو 133 رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو-صفر سے ناقابل تسخیربرتری حاصل کر لی۔آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 277 رنز کے ہدف کے جواب میں دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے اتری ویسٹ انڈیز کے بلے باز آسٹریلیائی گیند بازی کے حملے کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے اور ان کی پوری ٹیم 34.3 اوورز میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان روسٹن چیز نے ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ شامر جوزف (24)، شائی ہوپ (17)، برینڈن کنگ (14)، الزری جوزف (13) اور کیسی کارٹی (10) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اینڈرسن فلپ 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پہلی اننگز میں 60 اور دوسری اننگز میں 30 رنز بنانے والے ایلکس کیری کو ان کی شاندار بلے بازی کے لیے پلئیر آف دی میچ سے نوازا گیا۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے آٹھ اوورز میں 24 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیتھن لاین نے 5.3 اوورز میں 42 رنز دے کر تین وکٹیں لیں۔ جوش ہیزل ووڈ کو دو وکٹیں ملیں۔ پیٹ کمنز اور بو ویبسٹر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آسٹریلیا نے کل کے سات وکٹوں پر 221 رنز سے آگے کھیل شروع کیا۔ ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں نے پہلے سیشن میں آسٹریلیا کی دوسری اننگز کا 243 رنز پر تین وکٹوں کے ساتھ اختتام کیا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے بو ویبسٹر (60) اور ایلکس کیری (63) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں 286 رنز بنائے۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز نے برینڈن کنگ (75) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں 253 رنز بنائے۔