حیدرآباد۔5جولائی (یو این آئی) انگلینڈ کے خلاف حالیہ دوسرے ٹسٹ میچ میں میدان میں پیش آئے ایک جذباتی لمحہ نے مداحوں کے دل جیت لیے۔ کپتان شبمن گل اور فاسٹ بولر محمد سراج کے درمیان ٹیم اسپرٹ، رفاقت اور حوصلہ افزائی پر مبنی ایک چھوٹا سا مکالمہ سوشل میڈیا پر زبردست توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔پانچویں دن، جب میچ فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکا تھا، اور انگلش بلے باز مزاحمت دکھا رہے تھے، ہندوستان کے فیلڈرس مسلسل کیچ چھوڑ رہے تھے اور گیند باز تھکے ہوئے دکھائی دے رہے تھے، ایسے میں کپتان شبمن گل نے ایک موقع پر فیلڈنگ پوزیشن سے محمد سراج کو حوصلہ دیتے ہوئے پکارا:
بسم اللہ کر کے ڈالو سراج بھائی!یہ منظر کیمروں کی آنکھ سے محفوظ ہو گیا اور بعد ازاں جیسے ہی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر سامنے آیا، دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا۔شبمن گل کی طرف سے بسم اللہ” کہنا محض ایک جذباتی جملہ نہیں بلکہ ایک ثقافتی اور روحانی اشارہ بھی تھا۔ “بسم اللہ” کہنا کسی کام کو نیک نیتی، دعا اور اعتماد کے ساتھ شروع کرنے کی علامت ہے۔ کپتان کی یہ صدا دراصل محمد سراج کے ایمان اور حوصلہ سے جُڑی ایک گونج تھی، جو ٹیم کے اندرونی ربط اور باہمی عزت کی عکاسی کرتی ہے۔ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی ٹوئٹر، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر صارفین نے شبمن گل کی اس اپیل کو خوب سراہا۔ “گل کا یہ اندازِ قیادت دل جیتنے والا ہے”، ایک صارف نے لکھا،”ایسا لگتا ہے جیسے بھائی بھائی کو کہہ رہا ہو، یقین رکھ، بس نیت صاف رکھ!کئی معروف کرکٹرز اور تبصرہ نگاروں نے بھی اس ویڈیو کو شیئر کیا اور اسے ٹیم کی ٹیم اسپرٹ کا خوبصورت مظاہرہ قرار دیا۔اگرچہ سراج نے اس لمحہ پر کوئی سرکاری بیان نہیں دیا، مگر ان کے چہرے پر اُس وقت جو اعتماد کی جھلک تھی، وہ بہت کچھ کہہ گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ چھوٹے چھوٹے لمحے ٹیم کو متحد رکھتے ہیں، خاص طور پر جب نتائج توقعات کے خلاف ہوں۔شبمن گل کا بسم اللہ کر کے ڈالو سراج بھائی” کہنا، اس ہار میں بھی ایک حوصلہ افزا اور خوشنما لمحہ بن گیا۔ یہ جملہ اب نہ صرف کرکٹ حلقوں بلکہ عام نوجوانوں کے لیے بھی ایک طرح کی ترغیب بن چکا ہے کہ ہر چیلنج کے آغاز سے قبل نیت کو صاف رکھ کر، اعتماد کے ساتھ قدم بڑھاؤ… بسم اللہ کر کے ڈالو!۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف جاری ٹسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں جب محمد سراج نے اپنی گیندبازی سے انگلش بیٹنگ لائن کو تہس نہس کیا، تو صرف وکٹیں ہی نہیں گریں، بلکہ حیدرآباد میں ان کے مداح ہوں کے دلوں میں بجلی سی دوڑ گئی مداحوں میں کافی خوشی دیکھی گئی۔ چھ وکٹیں لے کر ڈی ایس پی سراج نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا کہ چارمینار کے سائے میں پیدا ہونے والا یہ نوجوان اب عالمی کرکٹ کے فلک پر ایک درخشاں ستارہ بن چکا ہے۔یہ میچ محض ایک مقابلہ نہ تھا، بلکہ ایک تہذیبی دعویٰ تھا، کہ حیدرآباد صرف ادب، لذیذ کھانوں اور تہذیب کا گہوارہ ہی نہیں، بلکہ یہاں کے نوجوان میدانِ کرکٹ میں بھی کمال دکھانے کا ہنر رکھتے ہیں۔ میاں میجک کی گیندیں، لہریں مارتی ہوئیں، انگلش بلے بازوں کے ارادوں کو بہا لے گئیں۔جب پچ پر نمی اور ہوا میں ہلکی سی تری تھی، تو کپتان نے سراج کو گیند تھمائی۔ جیسے ہی سراج نے اپنی پہلی گیند پھینکی، وکٹوں کے پیچھے کھڑے وکٹ کیپر اور سلپ میں فیلڈرز میں ایک غیر مرئی جوش پیدا ہوا۔ وقفے وقفے سے چھ بلے بازوں کو پویلین واپس بھیج کر انہوں نے ٹیم انڈیا کو ایک زبردست برتری دلوا دی۔
روی شاستری نے تعریف کی
وہیں سابق کوچ روی شاستری نے ستائش کی ہے۔ محمد سراج کی بولنگ کے جذبے اور مستقل مزاجی کی بھرپور کرتے ہویے انہوں نے سوشیل میڈیا کے ایک بیان میں کہا ” جب بات شدت کی ہو، تو سراج کے لیے یہ فرق نہیں پڑتا کہ وہ پہلا اسپیل کر رہا ہے یا آخری، اس کی لگن اور توانائی ہر وقت یکساں رہتی ہے۔
سچن تیندولکر نے سراہا
وہیں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں محمد سراج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 70 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ سراج کی اس کارکردگی پر ہندوستانی افسانوی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے سوشل میڈیا پر ان کی کھل کر ستائش کی۔ اپنے ایک پوسٹ میں سچن نے کہا:”سراج کی بولنگ میں میں نے ایک بڑا فرق محسوس کیا — وہ درست لینتھ پر گیندیں کروا رہے تھے اور ان کی بولنگ میں درستگی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں چھ وکٹیں حاصل ہوئیں۔ آکاش دیپ کی جانب سے بھی بہترین تعاون حاصل ہوا۔ دونوں نے شاندار بولنگ کی۔
حیدرآباد پولیس کمشنر کی مبارکباد دی
اس کے علاوہ انگلینڈ کے خلاف جاری دوسرے ٹسٹ میچ میں ٹیم انڈیا کے اسٹار بولر محمد سراج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک، دو نہیں بلکہ چھ وکٹیں حاصل کیں۔ حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے محمد سراج کی ستایش کی۔ سوشل میڈیا پر سرگرم سی وی آنند نے سوشل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا:تلنگانہ پولیس اور ڈی ایس پی محمد سراج کی کارکردگی بے حد متاثر کن رہی۔ امید ہے کہ وہ آئندہ بھی ٹیم کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔









