برمنگھم :04؍جولائی:برمنگھم ٹیسٹ کے تیسرے دن ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 244 رنز سے آگے ہے۔ جمعہ کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستانی ٹیم نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 64 رنز بنا لیے ہیں۔ کے ایل راہول 28 اور کارون نائر 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئے۔یشوی جیسوال 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ایجبسٹن اسٹیڈیم میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 407 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ یہاں ہندوستانی ٹیم کو پہلی اننگز میں 180 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ 77/3 کے اسکور سے دن کا آغاز کرنے والی انگلش ٹیم پہلے سیشن میں 84 رنز کے اسکور پر جو روٹ (22 رنز) اور بین اسٹوکس (صفر) کی وکٹیں گنوا بیٹھی۔ یہاں سے ہیری بروک (158 رنز) اور جیمی اسمتھ (184 رنز ناٹ آؤٹ) نے چھٹی وکٹ کے لیے 303 رنز کی شراکت کرکے انگلینڈ کی واپسی کی۔آخری سیشن میں بروک کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم کو آل آؤٹ ہونے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔ ٹیم نے 20 رنز کے اسکور پر آخری 5 وکٹیں گنوا دیں۔ محمد سراج نے 6، آکاش دیپ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے دوسرے دن بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 587 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان شبمن گل نے 269 رنز بنائے۔
قبل ازیں جیمی اسمتھ (ناٹ آوٹ 157) کے بعد ہیری بروک (ناٹ آوٹ 140) نے بھی سنچری بنائی جس کی بدولت انگلینڈ نے ہندوستان کو سخت جواب دیتے ہوئے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن جمعہ کو چائے کے وقفے تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 355 رنز بنا لیے۔ انگلینڈ اب بھی ہندوستان کے 587 رنز کے اسکور سے 232 رنز پیچھے ہے۔اس میچ میں پہلی بار کوئی سیشن مکمل طور پر انگلینڈ کے نام رہا۔ اس سیشن میں انگلینڈ نے کل 106 رنز بنائے اور کوئی وکٹ نہیں گنوائی۔ ہندوستان نے اسمتھ اور بروک کے خلاف جو کچھ بھی منصوبہ بنایا، وہ ناکام رہا۔ البتہ پچھلے کچھ اوورز میں جڈیجا کو ٹرن اینڈ باؤنس ملا ہے لیکن سندر ابھی تک فارم حاصل نہیں کرسکے ہیں ۔ ہندوستان امید کرے گا کہ اگلے سیشن میں جلدی کچھ وکٹیں لی جائیں۔ دوسری طرف حریف ٹیم یقینی طور پر ڈرا کے لیے نہیں کھیلے گی، اس لیے کچھ حیران کن فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔چائے کے وقفے تک اسمتھ 169 گیندوں پر ناٹ آوٹ 157 رنز میں 19 چوکے اور تین چھکے لگا چکے ہیں جبکہ بروک نے 209 گیندوں پر ناٹ آوٹ 140 رنز میں 15 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ہندوستان کو آخری سیشن میں کچھ اضافی کوشش کرنی ہوگی تاکہ انگلینڈ پر روک لگائی جا سکے۔اس سے پہلے انگلینڈ نے لنچ تک پانچ وکٹوں پر 249 رنز بنائے تھے۔انگلینڈ نے کل کے تین وکٹوں پر 77 رنز کے اسکور سے آگے کھیل شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں انگلینڈ کے کھاتے میں سات رنز اور جڑے تھے کہ محمد سراج نے جو روٹ (22) کو اپنا شکار بنا کر پویلین بھیج دیا۔
اس کے بعد اگلی ہی گیند پر کپتان بین اسٹوکس (صفر) کو بھی آؤٹ کر کے ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اس مشکل وقت میں بلے بازی کے لیے آئے جیمی اسمتھ نے ہیری بروک کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔دونوں بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ اس کے بعد جیمی اسمتھ نے 47ویں اوور کی تیسری گیند پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری ہے۔ لنچ تک جیمی اسمتھ (ناٹ آوٹ 102) اور ہیری بروک (ناٹ آوٹ 91) کریز پر موجود تھے۔
جب سراج نے دن کے آغاز میں دو گیندوں پر لگاتار دو وکٹیں لیں تو ایسا لگا کہ ہندوستان اس میچ پر مکمل طور پر حاوی ہو چکا ہے لیکن اسمتھ اور بروک کے درمیان شاندار شراکت داری ہوئی۔ اسمتھ نے ہندوستان کی شارٹ پچ گیندبازی کا بہترین جواب دیا اور اس کے بعد اسپنرز پر بھی سخت حملہ کیا۔ البتہ ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ پچ فلیٹ ہے۔ یہاں رن بنیں گے۔ بہت صبر کے ساتھ یہاں گیندبازوں کو صحیح لائن اور لینتھ پر گیندبازی کرنی ہوگی اور کیچ نہیں چھوڑنا ہوگا۔ سندر اور گل دونوں کے پاس مشکل لیکن اچھا موقع تھا لیکن انہوں نے کیچ چھوڑ دیا۔
ہندوستان کی طرف سے محمد سراج نے تین وکٹیں لیں۔ آکاش دیپ کو دو وکٹیں ملیں۔