بھوپال، 3 جولائی: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے شہری ترقیات اور ہاؤسنگ محکمہ کی جائزہ میٹنگ میں ریاست کی شہری ترقی کو رفتار دینے کے لیے کئی اہم ہدایات دیں۔ وزیر اعلیٰ نے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا ایک واضح خاکہ پیش کیا جس میں جھگی بستیوں کے پھیلنے پر قابو پانے، سستی رہائش، ماحولیاتی تحفظ، مذہبی علاقوں میں دین دیال کچن کی توسیع اور لاڈلی بہنوں کو رہائش میں ترجیح جیسے فیصلوں کا خاکہ پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاست کے شہروں میں جھگی بستیوں کے پھیلاو کو کنٹرول کرنے کے لیے لوگوں کے سماجی و اقتصادی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سستی اور آسان رہائش کی سہولیات تیار کرنے کے لیے ایک ایکشن پلان بنایا جائے۔ شہری علاقوں میں ماحولیات کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ باغات تیار کیے جائیں اور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ہاؤسنگ بورڈ سمیت تمام رہائشی پروجیکٹوں میں شجرکاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بھوپال کے بڑے تالاب کے ارد گرد سروے کر کے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے کی مہم چلائی جائے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعرات کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ واقع سمتو بھون میں منعقدہ شہری ترقیات اور ہاوسنگ محکمہ کی جائزہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست کے شہری علاقوں میں کالونیوں کی ترقی میں ملک کے نامور بلڈرز اور کالونائزروں کو جوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ صنعتی علاقوں میں پیش آنے والے حادثات پر قابو پانے کے لیے فائر سروس کو فوری طور پر جدید بنایا جائے۔ انٹر سٹی علاقوں میں ریل سروس کی توسیع کے لیے نمو ٹرین کا منصوبہ تیار کیا جائے۔ جلد ہی اس بارے میں مرکزی وزیر ریلوے اشونی وشنو سے بات کر کے مدد لی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ لاڈلی بہنوں کو ترجیحی بنیادوں پر رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے شہری اداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں گوشت اور مچھلی کے دکانداروں کو منظم کرنے اور مناسب جگہ فراہم کرنے کے لیے فوری کارروائی کریں۔
ڈاکٹر یادو نے مذہبی علاقوں میں دین دیال رسوئی یوجنا کی توسیع پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کام میں سرکاری مدد کے ساتھ ساتھ این جی اوز اور پرائیویٹ ڈونرز سے بھی مدد لی جائے۔ شہری علاقوں میں مقامی کمیونٹیز کے سیلف ہیلپ گروپس بنائے جائیں اور انہیں جدید لانڈری شروع کرنے کے لیے مالی مدد اور مناسب جگہ فراہم کی جائے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ہدایت دی کہ پردھان منتری آواس یوجنا اربن اور دیگر اسکیموں کے تحت بنائے گئے مکانات تیار ہوتے ہی حوالے کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ شہری علاقوں میں صاف ماحول ایک اہم مسئلہ ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ شہری علاقوں میں محفوظ اراضی کا انتخاب کر کے ’نگر ون‘ کو زیادہ سے زیادہ تیار کیا جائے اور ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی طے کی جائے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے محکمانہ میٹنگ میں پرموشن کے عمل کے بارے میں بھی جانکاری لی۔ انہوں نے کہا کہ افسران و ملازمین کو مقررہ مدت میں پرموشن دیا جائے۔ اس لیے خالی آسامیوں پر بھرتی کے عمل کے لیے ابھی سے ایکشن پلان تیار کیا جائے۔
میٹنگ میں شہری علاقوں میں جل گنگا سموردھن ابھیان کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ ریاست کے شہری علاقوں میں 36 آبی ڈھانچوں کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور 38 گرین ایریاز تیار کیے گئے ہیں۔ مختلف شہری اداروں میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے 3963 ڈھانچے بنائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شہری علاقوں میں ایکویفر مینجمنٹ اور گندے پانی کو صاف کرنے کے لیے 30 نالوں کا ایکشن پلان تیار کیا گیا۔