بھوپال:02؍جولائی:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے دھار ضلع میں زیر تعمیر پردھان منتری مترا پارک کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے عمل کے آغاز پر وزیر اعظم مسٹرنریندر مودی اور مرکزی وزیر ٹیکسٹائل مسٹرگری راج سنگھ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے حال ہی میں دھار میں 2158 ایکڑ اراضی پر تقریباً 2050 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیے جانے والے پی ایم متراپارک کے لیے 773 کروڑ روپے کے ٹینڈر جاری کیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اس اقدام سے مدھیہ پردیش میں ٹیکسٹائل صنعت کو نئی تحریک ملے گی۔ مدھیہ پردیش مسلسل ترقی یافتہ ریاست بننے کی جانب گامزن ہے۔ وزیر اعظم مسٹرمودی کے ذریعہ دی گئی پی ایم مترا پارک کی سوغات یقینی طور پر ریاست اور ٹیکسٹائل صنعت کی ترقی میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔ پی ایم متراپارک میں 20 ایم ایل ڈی زیرو ویسٹ واٹر ڈسپوزل (ZLD) پلانٹ، شمسی توانائی پر مبنی پاور پلانٹ، “پلگ اینڈ پلے” یونٹس (بی ٹی ایس کے مطابق) اور کارکنوں کے لیے رہائشی سہولیات تیار کی جائیں گی۔ تمام تعمیراتی کام 14 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بتایا کہ پی ایم متراپارک کے لیے زمین کی الاٹمنٹ کے لیے جلد ہی درخواستیں طلب کی جائیں گی۔
اب تک 10 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں، جس سے صنعت کا جوش ظاہرہوتا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ پی ایم مترا پارک مدھیہ پردیش سے ہندوستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو نئی توانائی اور سمت دے گا۔ اس سے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور ریاست کی معیشت کو زبردست فروغ ملے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم مسٹر مودی کا اس دور اندیش اسکیم کے لیے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اسکیم ’’آتم نربھر بھارت‘‘ کے عزم کو پورا کرنے کی سمت ایک تاریخی قدم ثابت ہوگی۔
مدھیہ پردیش کے دھار ضلع کی بدناور تحصیل کے بھینسولا گاؤں میں پی ایم مترا پارک قائم کرنے کی تجویز کو مارچ 2023 میں حکومت ہند سے باضابطہ منظوری ملی۔ یہ اندور سے 110 کلومیٹر اور پتھم پور انڈسٹریل کلسٹر سے 85 کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہ دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر رتلام سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اسی طرح گجرات کی قریبی بندرگاہ ہجیرہ سے اس کا فاصلہ 452 کلومیٹر ہے۔









