برلن، 22 جون (یواین آئی) ہندوستانی جونیئر مرد ہاکی ٹیم نے اتوار کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو زبردست شکست دی۔آج یہاں بلاؤ ویس اسٹیڈیم میں چار ملکی ٹورنامنٹ کے اپنے دوسرے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا پر 3-1 سے شاندار فتح حاصل کی۔ ہندوستان کی ٹیم کی جانب سے گول شاردانندتیواری نے (15ویں منٹ)، سوربھ آنند کشواہا نے (36ویں منٹ) اور عامر علی نے (43ویں منٹ) میں کیے۔ جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے واحد گول اولیور ول نے (55ویں منٹ) میں کیا۔ہندوستان نے میچ کا شاندار آغاز کیا اور 15ویں منٹ میں شاردانندتیواری نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ ہندوستانی ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں لگاتار دو گول کر کے اپنی رفتار برقرار رکھی۔ ہندوستان کے لیے 36ویں منٹ میں سوربھ آنند کشواہا نے آسٹریلوی گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے اہم فیلڈ گول کیا اور اپنی برتری کو مزید مضبوط کیا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد 43ویں منٹ میں عامر علی نے فاتح ٹیم کے لیے ایک اور فیلڈ گول کر کے ٹیم انڈیاکو فتح کے اور قریب پہنچا دیا۔ میچ کے آخری کوارٹر میں آسٹریلیا نے بھی پانچ منٹ باقی رہتے اولیور ول کے فیلڈ گول کی بدولت گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ہندوستانی ٹیم کا اگلا میچ 24 جون کو اسی اسٹیڈیم میں اسپین کے ساتھ ہوگا۔









