پیرس، 21 جون (یو این آئی) دو بار کے اولمپک میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے پیرس ڈائمنڈ لیگ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 88.16 میٹر کا تھرو پھینکا اور جرمنی کے جولین ویبر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔نیرج نے کہا کہ وہ ڈائمنڈ لیگ میں 90 میٹر سے آگے تھرو پھینکنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن رن اپ تیز ہونے کی وجہ سے وہ اپنی رفتار پر قابو نہیں رکھ سکے۔ انہوں نے Olympics.com سے بات کرتے ہوئے کہا کہ، “میں آج 90 میٹر سے زیادہ کی توقع کر رہا تھا، لیکن رن اپ بہت تیز تھا اور میں اس پر قابو نہیں رکھ سکا، پھر بھی ڈائمنڈ لیگ جیت کر بہت اچھا لگ رہا ہے کیونکہ یہ خطاب طویل عرصے کے بعد حاصل ہوا ہے۔اس سے قبل مئی میں نیرج چوپڑا نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں 90.23 میٹر کا تھرو پھینک کر نہ صرف اپنے کریئر کا بہترین فاصلہ طے کیا تھا بلکہ ہندوستانی قومی ریکارڈ کو بھی توڑ دیا تھا۔ تاہم، اس مقابلے میں، جولین ویبر نے انہیں 91.06 میٹر کے ذاتی بہترین تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر دھکیل دیا تھا۔نیرج اس سیزن میں جمہوریہ چیک کے لیجنڈ اور عالمی ریکارڈ ہولڈر جان زیلیزنی کے ساتھ ٹریننگ کر رہے ہیں۔ زیلیزنی نے اپنے کرئیر میں 50 سے زائد مرتبہ 90 میٹر کا فاصلہ پار کیا اور 1996 میں 98.48 میٹر کا تھرو کا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو آج بھی قائم ہے۔ نیرج نے کہا، “ہم تکنیک پر کام کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ ٹریننگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اگر میں ان کے ساتھ ٹریننگ کر رہا ہوں تو 90 میٹر کا فاصلہ عبور کرنا ضروری ہے۔ وہ کئی بار ایسا کر چکے ہیں۔نیرج چوپڑا کی اس سیزن کی تیاری کا بنیادی مقصد عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ہے جو ستمبر میں ٹوکیو میں منعقد ہوگی۔ یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں نیرج نے 2021 کے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ نیرج چوپڑا نے کہا، “اس سال کا سب سے بڑا ہدف عالمی چمپئن شپ ہے۔ ٹوکیو اسٹیڈیم میرے لیے خاص ہے کیونکہ وہیں میں نے اولمپک کا طلائی تمغہ جیتا ہے۔ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 13 سے 21 ستمبر کے درمیان منعقد ہوگی۔ آخری بار 2023 میں بڈاپیسٹ میں، نیرج چوپڑا نے پہلی بار اس مقابلے میں ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا تھا۔









