اسلام آباد، 02 فروری (یو این آئی) ہندوستانی ٹینس ٹیم 3 اور 4 فروری کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں ڈیوس کپ 2024 کے گروپ ون پلے آف میچ میں پاکستانی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ہندستانی ڈیوس کپ ٹیم 1964 کے بعد پہلی بار پاکستان پہنچی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچ کھیلے جائیں گے۔ رام کمار رامناتھن ہفتہ کو سنگلز زمرے میں ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گے۔ جبکہ شری رام بالاجی دوسرا سنگلز میچ کھیلیں گے۔ یوکی بھامبری اور ساکیتھ مائنینی کی جوڑی پاکستان کی ڈبلز ٹیم سے ٹکرائے گی۔دریں اثنا، روہت راجپال کے ذاتی وجوہات کی بناء پر مقابلے سے دستبردار ہونے کے بعد ہندوستانی کوچ ذیشان علی ٹیم کے کپتان کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ خیال ر ہے کہ گزشتہ ستمبر میں لکھنؤ کے گومتی نگر کے وجینت کھنڈ منی اسٹیڈیم میں ورلڈ گروپ ٹو کے پلے آف میں ہندوستان نے مراکش کو 4-1 سے شکست دے کر ورلڈ گروپ ون پلے آف میں داخلہ حاصل کیا تھا۔