احمد آباد،2 مئی (یو این آئی) آئی پی ایل میں آج کھیلے گئے میچ میں گجرات ٹائٹنزکے ذریعہ دئے گئے 225رن کے ہدف کاتعاقب کرتے ہوئے سن رائزر حیدرآباد نے تادم تحریر14اوور میں دووکٹ کے نقصان پر 127رن بنالئے تھے،اوراسے باقی چھ اوور میں98رن بناناتھے۔حیدرآباد کی طرف سے ابھیشیک شرما69رن بناکر کریز پر موجودتھے۔ قبل ازیں کپتان شبھ من گل (76)، جوس بٹلر (64) اور سائی سدرشن (48) کی شاندار اننگز کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 51ویں میچ میں جمعہ کو سن رائزرز حیدرآباد کو جیت کے لیے 225 رنز کا ہدف دیا۔
آج سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آتے ہوئے گجرات ٹائٹنز کے اوپنرز شبھ من گل اور سائی سدرشن نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لیے 87 رنز جوڑے۔ ذیشان انصاری نے ساتویں اوور میں سائی سدرشن کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ سائی سدرشن نے 23 گیندوں میں نو چوکے لگا کر 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد جوس بٹلر بیٹنگ کے لیے آئے اور ابھی شبھ من گل کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 62 رنز جوڑے ہی تھے کہ رن لینے کی کوشش میں شبھ من گل رن آؤٹ ہو گئے۔
گل نے 38 گیندوں میں 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے (76) رنز بنائے۔ جوس بٹلر 19ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 37 گیندوں میں تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے (64) رنز بنائے۔ 20 ویں اوور میں گجرات نے چھ رنز جوڑنے کے بعد تین وکٹ گنوا دئیے۔ واشنگٹن سندر (21) 16 گیندوں پر، راہل تیوتیہ (چھ) اور راشد خان (صفر) کے ساتھ آؤٹ ہوئے۔ گجرات ٹائٹنز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 224 رنز بنائے۔ سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے جے دیو انادکت نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹ کمنز اور ذیشان انصاری نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔









