شارجہ، 06 دسمبر (یو این آئی) گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد ہندوستان نے ویبھو سوریاونشی (67) اور آیوش مہاترے (34) کی شاندار بلے بازی کی بدولت ون ڈے انڈر 19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ سری لنکا کے 173 کے اسکور کے جواب میں بلے بازی کے لیے آئے ویبھو سوریاونشی اور آیوش مہاترے کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 91 رنز کی شاندار شراکت داری کرتے ہوئے ہندوستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔ ویہاس تھیومیکا نے نویں اوور میں آیوش مہاترے کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو پہلی کامیابی دلائی۔ آیوش نے 28 گیندوں میں سات چوکے لگاتے ہوئے 34 رن بنائے۔ اس کے بعد 14ویں اوور میں پروین منیشا نے ویبھو سوریاونشی کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ویبھو نے 36 گیندوں میں 67 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جس میں چھ چوکے اور پانچ چھکے شامل ہیں ۔ آندرے سدھارتھ 22 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد امان (25) اور کے پی کارتیکیا (11) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان نے 21.2 اوور میں تین وکٹ پر 175 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔سری لنکا کی جانب سے وہاس تھیومیکا، ویران چامودیتا اور پروین منیشا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کرنے اتری سری لنکا کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے صرف آٹھ رن کے اسکور پر اپنے تین وکٹ گنوا دیے۔ پلندو پریرا (چھ)، دولنیت سگیرا (دو) اور ویمت دنسارا (صفر) آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد شروجین شمگناتھن اور لکون ابھے سنگھے نے سری لنکا کی اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھے وکٹ کے لیے 93 رن جوڑے۔ 29ویں اوور میں آیوِش مہاترے نے شروجین شمگناتھن (42) کو بولڈ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد کاویجا گماگے (10) بھی مہاترے کا شکار بنے۔ کپتان وِہاس تھیویمیکا 14رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔، ویرن چاموڈیتا (آٹھ) رن بناکر آوٹ ہوئے۔ لکون ابھےسنگھے نے 110 گیندوں پر تین چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے (69) رن کی اننگز کھیلی۔ پروین منیشا (پانچ) اور نیوٹن رنجیت کمار پانچ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہندوستانی گیندبازی کے آگے سری لنکا کی ٹیم 46.2 اوورز میں 173 رن پر سمٹ گئی۔
ٹیم انڈیا کی جانب سے چیتن شرما نے تین وکٹ لیے۔ کرن چورمالے اور آیوِش مہاترے نے دو، دو وکٹ لیے۔ یدھوجیت گوہا اور ہارڈک راج نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔