راجکوٹ، 05 دسمبر (یو این آئی) پنجاب کے اوپنر ابھیشیک شرما نے سید مشتاق علی ٹرافی میں جمعرات کو میگھالیہ کے خلاف ریکارڈ 28 گیندوں میں سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ وہ روی پٹیل کے ساتھ تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری بنانے والے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 143 رن کے ہدف کے تعاقب میں ہرنور سنگھ کے ساتھ اوپنر کے طور پر میدان میں آنے والے ابھیشیک نے شاندار بلے بازی کی اور 29 گیندوں میں ناٹ آوٹ 106 رن بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 8 چوکے اور 11 چھکے لگائے۔ ابھیشیک کی اس جارحانہ اننگز کی بدولت پنجاب نے 9.3 اوور میں تین وکٹ پر 144 رن بنا کر میچ جیت لیا۔ گروپ اے میں سات میچوں میں پنجاب کی یہ پانچویں جیت ہے اور اس جیت کے ساتھ ہی اس نے ناک آؤٹ میں جانے کے لیے اپنے نیٹ رن ریٹ میں بھی اضافہ کیا ہے۔ 28 گیندوں میں بنائی گئی یہ سنچری اب دنیا کی مشترکہ دوسری تیز ترین سنچری ہے۔ تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ایسٹونیا کے ساحل چوہان کے نام ہے۔ ساحل چوہان نے رواں سال جون میں قبرص کے خلاف 27 گیندوں میں سنچری بنائی تھی۔ اس سے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے میگھالیہ نے 20 اوور میں سات وکٹ پر 142 رن بنائے تھے۔ میگھالیہ کے ارپت بھٹیورا نے سب سے زیادہ 31 رن بنائے۔ یوگیش تیواری (20)، لیری سنگما (21)، جسکیرت سنگھ (15)، ایبتلانگ تھابہ (17) اور آرین سنگما (13) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔