کنگسٹن 04 نومبر (یو این آئی) تیج الاسلام (پانچ وکٹ)، ناہید رانا (پانچ وکٹ) اور ذاکر علی (91 رن) کی شاندار اننگز کی بنیاد پر بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 15 سال بعد ویسٹ انڈیز کو اس کے ہی گھر میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں 101 رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ بنگلہ دیش نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے۔ ٹیسٹ میں یہ تیسرا موقع ہے جب بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو گھر پر شکست دی ہے۔ اس سے قبل 2009 میں اسے کنگسٹن میں 97 رن اور سینٹ جارج میں چار وکٹ سے شکست دی تھی۔ بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں ذاکر علی (91) کی اہم اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 287 رن کا ہدف دیا۔ دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے آنے والے ویسٹ انڈیز کی جانب سے صرف کیویم ہوج (55) اور کپتان کریگ براتھویٹ (43) نے جدوجہد سے پر اننگز کھیلیں۔ جسٹن گریوز (20)، کیسی کارٹی (14) اور جوشوا ڈی سلوا (12) نے رن بنائے۔ بنگلہ دیش کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈیز کے چھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ بنگلہ دیش کے گیند بازوں نے ویسٹ انڈیز کو 50 اووروں میں 185 رن پر آل آؤٹ کرکے میچ 101 رن سے جیت لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ حسن محمود اور تسکین احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ناہید رانا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
تیج الاسلام کو بہترین کارکردگی پر ‘پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تیج الاسلام نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک اور دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر مجموعی طور پر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 71.5 اووروں میں صرف 164 رن بنا سکی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے پہلی اننگز میں شادمان اسلام (64)، شہادت حسین دیپو (22)، کپتان مہدی حسن معراج (36)، محمود الحسن جوئے (تین)، لٹن داس (ایک) اور ذاکر علی (ایک) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے چار اور شمر جوزف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ کیمار روچ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ الزاری جوزف نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم ناہید رانا (پانچ وکٹوں) کی مہلک بولنگ کی وجہ سے بنگلہ دیش کے ہاتھوں 65 اوورز میں 146 رن پر سمٹ گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کریگ براتھویٹ (39)، کیسی کارٹی (40)، مائیکل لیوس (12) نے اننگز کھیلی۔ آٹھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید رانا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ حسن محمود نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد، تیج الاسلام اور مہدی حسن معراج نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں ذاکر علی (91)، شادمان اسلام (46)، کپتان مہدی حسن (42)، شہادت حسین (28)، لٹن کمار داس (25) اور تیج الاسلام (14) کی شاندار اننگز کی بدولت 268 رن بنائے اور پہلی اننگز میں برتری کے ساتھ ویسٹ انڈیز کو 287 رن کا ہدف دیا ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف اور کیمار روچ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ شمار جوزف نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ جےڈن سیلز اور جسٹن گریوز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔