گواہاٹی، 12 اپریل ( یو این آئی) راجستھان رائلز کے ٹیم منیجر رومی بھنڈر اس وقت تنازع کا شکار ہو گئے جب رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف میچ کے دوران انہیں ٹیم ڈگ آؤٹ میں موبائل فون استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
میچ کے دوران ٹی وی کیمروں نے رومی بھنڈر کو موبائل فون پر مصروف دکھایا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ بی سی سی آئیکے ایک اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ یہ ‘پلیئرز اینڈ میچ آفیشلز ایریا کے پروٹوکول کی کھلی خلاف ورزی ہے، کیونکہ قوانین کے تحت میچ کے دوران ڈگ آؤٹ میں موبائل فون کا استعمال سختی سے ممنوع ہے۔
آئی پی ایل 2026 کے قوانین کے مطابق، ٹیم منیجر ڈریسنگ روم میں تو فون استعمال کر سکتا ہے لیکن ڈگ آؤٹ میں اسے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
رپورٹس کے مطابق، رومی بھنڈر پر فی الحال ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا باضابطہ الزام عائد نہیں کیا گیا ہے، تاہم بی سی سی آئی حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر کارروائی ہونی چاہیے۔اینٹی کرپشن یونٹ اور میچ ریفری کی رپورٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔سزا کے طور پر محض وارننگ دی جا سکتی ہے یا میچ کی پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔اس تنازع کے باوجود، راجستھان رائلز نے یہ میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا۔
15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی، جن کے رومی بھنڈر ‘لوکل گارڈین’ بھی ہیں، نے محض 26 گیندوں پر 78 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ‘پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ سوریہ ونشی اس وقت ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنا کر ‘اورنج کیپ کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔