بھوپال 21اپریل:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ریوا میں برہما کماری ادارے کے ذریعے چلائے جا رہے خاندانی ثقافت اور محبت، امن و خیر سگالی رتھ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یہ مہم سماج میں محبت، امن اور بھائی چارے کے جذبے کو مضبوط کرے گی اور ریاست میں مثبت تبدیلی لائے گی۔ محبت، امن اور عالمی بھائی چارے کا پیغام لے کر گاؤں گاؤں کا دورہ کرنے والے رتھ سے اتحاد، محبت، خیر سگالی اور نشہ مکت (نشہ سے نجات) کا پیغام عام آدمی تک پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے عوامی بیداری رتھ میں نصب 12 جیوترلنگوں کے الہی نمونوں کی پوجا ارچنا کی۔ریوا کے راج نیواس سرکٹ ہاؤس میں نائب وزیراعلیٰ مسٹر راجیندر شکلا نے برہما کماری ادارے کی جانب سے چلائی جا رہی عوامی بیداری مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکیزہ اور روحانی کام ریاست میں عالمی بھائی چارے کا جذبہ بیدار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ برہما کماری ادارے کے بھوپال زون کی ڈائریکٹر بی کے نرملا کی ہدایت میں عوامی بیداری مہم کے تحت جیوترلنگ رتھ ریوا ضلع میں مہاشوراتری 2027 تک دورہ کرے گا۔ تقریب میں ضلع بی جے پی صدر مسٹر ویریندر گپتا سمیت برہما کماری ادارے کے نمائندے موجود تھے۔
دو بین ریاستی اسمگلر گرفتار
کونڈاگاؤں، 21 اپریل (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے کیش کال تھانہ پولیس نے بین ریاستی منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے راجستھان کے دو اسمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 115.214 کلوگرام گانجا برآمد کیا ہے۔ ضبط شدہ گانجے کی قیمت 11 لاکھ 52 ہزار 140 روپے بتائی گئی ہے۔پولیس نے اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی مہندرا ایس یو وی 500 کو بھی ضبط کر لیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ آکاش شری شریمل کی ہدایت اور ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ کپل چندر اور پولیس سب ڈویژنل آفیسر ارون کمار نیتام کی نگرانی میں غیر قانونی گانجا اور شراب اسمگلنگ کے خلاف مہم چلائی جا رہی تھی۔ اسی دوران 20 اپریل کو مخبر سے اطلاع ملی کہ اوڈیشہ سے رائے پور کی طرف ایک کار میں گانجا لے جایا جا رہا ہے۔









