رائسین:24؍مارچ:رائسین۔ ضلع کی غیرت گنج تحصیل کے گرام پنچایت گڑھی میں واقع نئے سرکاری یونانی دواخانہ کی عمارت تعمیر مکمل نہ ہونے کے باعث اب تک استعمال میں نہیں لائی جا سکی ہے۔ معلومات کے مطابق تقریباً دو سال قبل محکمہ آیوش کی جانب سے اس عمارت کی تعمیر کے لیے 38 لاکھ روپے کی رقم منظور کی گئی تھی۔
عمارت کا بنیادی تعمیراتی کام تو مکمل ہو چکا ہے، تاہم بقیہ ضروری کام رقم کی کمی کے باعث ابھی تک زیر التواء ہیں۔ اسی وجہ سے دواخانہ کو نئے عمارت میں منتقل نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث دیہی عوام کو متوقع طبی سہولیات کا فائدہ نہیں مل پا رہا ہے۔
طویل عرصے سے عمارت کے غیر استعمال میں رہنے کی وجہ سے اس میں سماج مخالف عناصر کی جانب سے نقصان بھی پہنچایا جا رہا ہے، جس سے سرکاری املاک کو خسارہ ہو رہا ہے۔
گرام پنچایت گڑھی کے سرپنچ سید مسعود علی پٹیل اور دیگر مقامی عوامی نمائندوں و دیہاتیوں نے محکمہ آیوش بھوپال کے ڈائریکٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ یونانی دواخانہ کی عمارت کے بقیہ کاموں کے لیے جلد از جلد رقم منظور کی جائے، تاکہ تعمیر مکمل کر کے عمارت کا افتتاح کیا جا سکے اور عام شہریوں کو آیوش طبی خدمات کا فائدہ مل سکے۔