ٹونک: ’پرواز‘ ہندی ورژن کی رسم اجراء
مراد اکیڈمی کا شاندار پروگرام، قوالی نے رات بھر مسحورکیا
ٹونک20/ اپریل (پریس ریلیز): الکزر کلاسیز، سول لائن روڈ، تالکٹورہ میں سینچر رات مراد اکیڈمی کے زیر اہتمام کیپٹن شمشیر خان شاہین کے شعری مجموعہ ’پرواز‘ کے ہندی ورژن کی رسم اجراء اور محفل قوالی کا پروگرام ہوا۔ صدارت عبد الحفیظ شوق احسنی (سرپرست مراد اکیڈمی) نے کی۔ مہمانِ خصوصی فیروز کمال انصاری (ڈائریکٹر کمال پبلیکیشنز، جبل پور) تھے۔ اعزازی مہمانوں میں پروفیسر حسین رضا خان (سابق صدر راجستھان اردو اکیڈمی، جے پور)، ڈاکٹر سید عبد الہمین قادری (ڈائریکٹر ہادی دکن لائبریری، حیدرآباد) اور پروفیسر عزیز اللہ شیرانی (مولانا آزاد یونیورسٹی، جودھپور) شامل تھے۔ تلاوت قرآن قاری مطیع اللہ نواب واصفی نے کی۔ نعت حارث واصفی نے سنائی۔ مراد اکیڈمی نے فیروز انصاری اور شمشیر خان شاہین کو مالا اور مومنٹو سے نوازا۔ مہمانان نے کتاب کی رسم اجراء ادا کی۔ سید ساجد علی ٹونگی نے ’پرواز‘ پر خیالات پیش کیے۔ پروفیسر حسین رضا خان نے شاہین کی ہمہ جہت شخصیت بیان کی۔ ڈاکٹر عبد الہمین قادری نے ٹونک کے ادبی ماحول کی تعریف کی۔ عبد الحفیظ شوق احسنی نے شکریہ ادا کیا۔ نظامت قاری مطیع اللہ نے کی۔ دوسرے حصے میں محمد آصف قوال اور امین سعادت صابری نے قوالی سنائی۔ آغاز شاہین کی نعت ’پریت میں تمری ترپت ہے مورا جیا کملی والے‘ سے ہوا۔ ان کی غزل ’مجھ کو زندگی میں سب کچھ ملا مگر…‘ نے سامعین کو جھوم دیا۔ مراد سعیدی کی غزل ’قسمت سے مل گئی ہے جگہ چشمِ یار میں…‘ بھی پیش کی۔ ’موسے نینا ملا کر‘، ’کیسر یہ بالم آؤنی پدھارو…‘ جیسی قوالیاں سنی گئیں۔ پروگرام رات دو بجے تک چلا۔ مرزا نسیم بیگ، شاہباز شیرانی، ڈاکٹر سید بدر احمد، ڈاکٹر سرفراز احمد، ڈاکٹر سعادت رئیس، ڈاکٹر فہیم الدین (جھالاوار)، ظفر رضا خان، ریاض رانا، منیر احمد نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔ اختتام پر شیرین خان (شمشیر خان کی اہلیہ) نے شکریہ ادا کیا۔









