بھوپال:22؍ستمبر:ریاست میں معیاری بیجوں کی دستیابی بڑھانے کے لیے وز یر امداد باہمی مسٹر وشواس کیلاش سارنگ کی صدارت میں منترالیہ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں تصدیق شدہ اور ہائبرڈ بیجوں کی دستیابی بڑھانے کے لیے ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر مسٹر سارنگ نے کہا کہ دالوں کے بیجوں کی دستیابی پر توجہ دینا ہوگی۔ جس طرح گزشتہ سال بیج فیڈریشن نے 5 بیجوں پر کام کیا تھا، اسی طرح امسال بھی ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ دیگر محکموں سے کیا توقعات ہیں، اس پر ایک پی پی ٹی تیار کریں۔وزیر مسٹر سارنگ نے کہا کہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے کر اعلیٰ معیار کے بیج تیار کرنے اور اس کے لیے دیگر محکموں کے ساتھ اشتراک قائم کرنے کا خاکہ تیار کیا جائے۔
اعلیٰ سطحی کمیٹی میں امدادباہمی، زراعت، باغبانی اور زرعی یونیورسٹی کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔ یہ کمیٹی ایک ماہ کے اندر تفصیلی طور پر کام کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے۔میٹنگ میں بیج پیداوار اور مارکیٹنگ میں سرکاری اداروں کی افادیت، اہم فصلوں کے لیے بیج کی ضرورت، دستیابی، ریاست میں اہم فصلوں کے زیر کاشت رقبے، فصل کے لحاظ سے زیادہ اور کم پیداوار والے اضلاع، ہائبرڈ بیجوں کی ضرورت، سرکاری تعاون اور ایکشن پلان، آئندہ 5 سال کے لیے بیج کی پیداوار کا پروگرام، باغبانی کے ہائبرڈ بیجوں کے لیے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے، بیج پیداوار اور مارکیٹنگ میں موجودہ رکاوٹوں اور ان کے حل جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ میں کمشنر زراعی پیداوار مسٹر کے سی گپتا، کمشنر امداد باہمی مسٹر دیپک سنگھ، ڈائریکٹر زراعت مسٹر اوماشنکر بھارگوا، ڈپٹی سکریٹری ٍمسٹر منوج سنہا اور بیج فیڈریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر مہندر دیکشت سمیت دیگر افسران موجود تھے۔









