بھوپال، 22 ستمبر: مدھیہ پردیش کے تقریباً 33 اضلاع بشمول بھوپال، راج گڑھ، رائسین، ودیشا، سیہور، شیوپوری، گنا، اشوک نگر، کھنڈوا، ریوا، شہڈول، چھندواڑہ، سیونی اور ساگر کے 100 سے زائد شہروں اور قصبوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش ریکارڈ کی گئی، جس میں سب سے زیادہ 2.4 انچ پانی ساگر کے دیوری میں برسا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال کے اوپر ہوا کے کم دباؤ کے اثر سے 23 ستمبر سے ریاست میں مانسون کا نیا اور زوردار دور شروع ہو رہا ہے، جس کی شدت 24 اور 25 ستمبر کو اپنے عروج پر ہوگی۔ اس موسمیاتی نظام کے تحت جبل پور، ریوا، شہڈول، ساگر، بھوپال اور نرمداپورم ڈویژنز کے 17 اضلاع میں انتہائی شدید یا موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اگرچہ جنوب مغربی مانسون ستمبر کے آخری ہفتے سے رخصت ہونا شروع ہو جائے گا، تاہم اس سے قبل ہونے والی یہ بارش مجموعی کمی کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں اب تک اوسطاً 33.7 انچ (856.8 ملی میٹر) بارش ہو چکی ہے، جو معمول کی اوسط 36.3 انچ کے مقابلے میں 2.6 انچ یعنی مجموعی طور پر 6 فیصد کم ہے۔ مشرقی حصے میں معمول سے 2 فیصد جبکہ مغربی حصے کے اضلاع مثلاً اندور، اجین، بیتول، دیواس، دھار، ہردہ، جھابوا، مندسور، مرینا، نرمداپورم اور نیمچ وغیرہ میں 7 سے 49 فیصد تک کم پانی برسا ہے۔ دوسری جانب انوپ پور، چھترپور، میہر، مئو گنج، پنا، ستنا، سنگرولی، بھوپال، برہان پور، دتیا، گوالیار اور شیوپور سمیت 23 اضلاع ایسے ہیں جہاں اوسط سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔









