حیدرآباد:24؍نومبر(پریس ریلیز): عظیم خطیب، عاشقِ رسولؐ اور ملت اسلامیہ کے ممتاز رہنما نواب بہادر یار جنگؒ کی یاد میں ادارہ تنظیم مہدویہ کے زیرِ اہتمام 6 /دسمبر 2026کوو تقریری مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ یہ مقابلے میڈیا پلیس جامعہ نظامیہ کمپلیکس گن فاؤنڈری، حیدرآباد میں واقع اس مقام پر صبح 10:30 بجے منعقد ہوں گے۔ معروف ادیب و دانشور جناب محمد مقصود علی خان صاحب کی اطلاع کے مطابق ان مقابلوں میں اسکولی طلبہ، کالج اور دینی مدارس کے طلبہ حصہ لیں گے۔ اسکولی طلبہ کے لیے تقریری مقابلے کا عنوان ’’بہادر یار جنگ بحیثیت عاشقِ رسولؐ‘‘ رکھا گیا ہے، جبکہ کالج اور دینی مدارس کے طلبہ کے لیے ’’قوم و ملت کے اتحاد میں نواب بہادر یار جنگ کا حصہ‘‘ موضوع مقرر کیا گیا ہے۔
مقابلوں میں اسکولی طلبہ کو تقریر کے لیے 10 منٹ اور کالج و دینی مدارس کے طلبہ کو 15 منٹ کا وقت دیا جائے گا۔ کامیاب طلبہ کو مختلف ٹرافیاں اور انعامات سے نوازا جائے گا۔ منتظمین کی جانب سے مختلف انعامات کے لیے ٹرافیاں بھی مختص کی گئی ہیں۔کالج کے طلبہ کے لیے اول انعام علامہ شمسی ٹرافی، دوم انعام خلیل اللہ حسینی ٹرافی اور سوم انعام نذیر الدین احمد ٹرافی مقرر کی گئی ہے۔ا سی طرح اسکولی طلبہ کے لیے اول انعام قادر خان ٹرافی، دوم انعام سید یوسف تصور ٹرافی اور سوم انعام مقصود علی خاں ٹرافی دی جائے گی۔
مقابلوں میں حصہ لینے کے خواہش مند طلبہ اپنے نام موبائل نمبر 9885237858 پر درج کروا سکتے ہیں۔ ناموں کا اندراج مقابلوں کے دن سے 15 منٹ قبل بھی کروایا جا سکتا ہے۔
واضح ہو کہ قائد ملت نواب بہادر یار جنگ برصغیر کی مسلم تاریخ کی ایک ممتاز، بااثر اور خطابت کے میدان میں غیر معمولی شہرت رکھنے والی شخصیت تھے۔ ان کی زندگی، سیاسی بصیرت، ملی خدمات، اتحادِ ملت کے تصور اور بے مثال خطابت سے نئی نسل کو روشناس کرانے کے لیے اس نوعیت کے مقابلے اہمیت رکھتے ہیں۔ ایسے پروگرام نوجوانوں میں مطالعے کا ذوق، خود اعتمادی، اظہارِ خیال کی صلاحیت اور اپنی تاریخی و تہذیبی میراث سے وابستگی پیدا کرنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں.
اسکولوں اور کالجوں کے ذمہ داران سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو ان تقریری مقابلوں میں شرکت کے لیے تیار کریں تاکہ نئی نسل کو نواب بہادر یار جنگؒ کی علمی، ادبی، ملی اور خطیبانہ خدمات سے واقف ہونے کا موقع مل سکے۔مزید معلومات کے لیے ادارے کی ویب سائٹ www.bahduryaarjung.com اور ریختہ ویب سائٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔