نئی دہلی21نومبر: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال جولائی میں ہندوستانی معیشت پر تنقید کرتے ہوئے اسے ’مردہ معیشت‘ (Dead Economy) قرار دیا تھا۔ لیکن صرف ایک سال کے اندر ہی امریکی صدر کے تیور بدل گئے ہیں۔ اب وہ ہندوستانی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں اور امریکہ کے مرکزی بینک کو ہندوستانی معیشت کی مثال دے کر آئینہ دکھا رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 7 فیصد ہے۔ شرح سود بھی امریکہ کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ امریکی فیڈرل ریزرو پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ میں شرح سود کم ہو تو اقتصادی ترقی کی شرح 15 سے 20 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جس وقت ہندوستانی معیشت کو ’مردہ‘ قرار دیا تھا، اس وقت بھی اگرچہ ان کے بیان کو بعض ہندوستانی رہنماؤں نے اہمیت دی تھی، لیکن ماہرین اقتصادیات نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ اب خود ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی ’حقیقت سے سامنا‘ ہو گیا ہے اور انہیں یہ تسلیم کرنا ہی پڑا ہے کہ ہندوستانی معیشت مضبوط ہے اور اس سے ترغیب حاصل کی جا سکتی ہے۔ ویسے امریکی صدر کو یہ احساس دلانے میں ہندوستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو کے ساتھ ہی کچھ دیگر وجوہات بھی ہیں۔ مضبوط اقتصادی بنیاد کی بدولت ہی ہندوستان روس-یوکرین جنگ سے لے کر ایران جنگ کے بحرانی دور میں بھی مسلسل ترقی کرتا رہا ہے۔