نئی دہلی 4جولائی: لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ملک کی مختلف ریاستوں میں حالیہ دنوں پلوں اور سڑکوں کے ٹوٹنے اور دھنسنے کے واقعات پر مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں شفافیت اور جوابدہی کا فقدان ہے، جس کی قیمت عام شہری اپنی جان دے کر ادا کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں گجرات، اتراکھنڈ اور کچھ دیگر ریاستوں میں سڑک ٹوٹنے کی وجہ سے ہوئے حادثات کی تصویر پیش کی گئی ہے۔ ان حادثات میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ویڈیو میں راہل گاندھی مودی حکومت کے غیر ذمہ داری پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عوام سے ٹیکس کی شکل میں رقم وصولی تو خوب ہو رہی ہے لیکن سڑکوں کی تعمیر میں معیار کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ اس سوشل میڈیا پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’یہاں کوئی جوابدہی نہیں ہے۔ سڑکیں دھنستی رہیں گی، جانیں جاتی رہیں گی، مودی حکومت ٹیکس وصولتی رہے گی۔‘‘ راہل گاندھی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے حادثات محض قدرتی آفات کا نتیجہ نہیں بلکہ ناقص منصوبہ بندی، مبینہ بدعنوانی، تعمیراتی معیار میں کوتاہی اور جوابدہی کے فقدان کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام حکومت کو ٹیکس اس لیے ادا کرتے ہیں تاکہ انہیں محفوظ سڑکیں، مضبوط پل اور بہتر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، لیکن اس کے برعکس آئے روز ایسے حادثات پیش آ رہے ہیں جن میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
نوجوان کے قتل کے معاملے میں تین ملزم گرفتار
الور، 4 جولائی (یو این آئی): راجستھان کے ضلع الور کے رام گڑھ تھانہ علاقے میں ایک نوجوان کے قتل کے معاملے میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپک شرما نے ہفتہ کو بتایا کہ 29 جون کو باہمی تنازع کے باعث دو فریقوں کے نوجوانوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس کے دوران دلشاد شدید زخمی ہوگیا تھا۔ بعد میں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔