بھوپال، 15 ستمبر: بھوپال میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر امن مشرا کے خلاف منگل کے روز صفائی اور ہیلتھ عملے نے محاذ کھولتے ہوئے کارپوریشن ہیڈکوارٹر کے احاطے میں زبردست احتجاج اور نعرے بازی کی۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل کمشنر کی جانب سے کچرا پھینکنے اور تھوکنے پر فی زون روزانہ 5 ہزار روپے جرمانہ وصول کرنے کا غیر حقیقی ہدف مقرر کیا گیا ہے، اور ہدف پورا نہ ہونے پر ملازمین کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔ اکھل بھارتیہ مزدور کانگریس کے ضلعی صدر انل شروَن نے کہا کہ بھوپال پہلے ہی ایک صاف ستھرا شہر ہے، جہاں بمشکل ڈیڑھ سے دو ہزار روپے یومیہ جرمانہ ہی ممکن ہو پاتا ہے، ایسے میں روزانہ اتنا بھاری فائن وصول کرنا ناممکن ہے۔ ملازمین نے کمشنر سنسکرتی جین سے ملاقات کر کے اس جبری ٹارگٹ کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔