بھوپال:08؍اپریل:وزیر امداد باہمی ، کھیل اور نوجوان بہبود مسٹر وشواس کیلاش سارنگ نے بدھ کے روز ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم، بھوپال میں واقع میجر دھیان چند ہال میں کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے محکمے کے سینئر افسران کے ساتھ محکماتی جائزہ میٹنگ کی۔ وزیر مسٹر سارنگ نے محکماتی منصوبوں، جاری کاموں کی پیش رفت، اور آئندہ کی عملی منصوبہ بندی پر تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے افسران کو ضروری ہدایات دیں۔وزیر مسٹر سارنگ نے ہدایت دی کہ ریاست کی ہر اسمبلی میں ایک جدید کھیل کمپلیکس کی تعمیر کے ہدف کو ترجیحی بنیاد پر جلد مکمل کرنے کی سمت میں خصوصی توجہ دی جائے۔ اس مقصد کے لیے ایک الگ اور مؤثر عملی منصوبہ تیار کیا جائے اور اس پر مقررہ وقت کے اندر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ریاست میں کھیل کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی بنیاد ثابت ہوگا۔وزیر مسٹر سارنگ نے ہدایت دی کہ اس سال سمر کیمپ کو خاص اور اختراعی انداز دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں زیادہ سے زیادہ نئے بچوں کی شرکت یقینی بنائی جائے اور ان کے والدین کو بھی کھیل کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ اس سے معاشرے میں کھیلوں کے تئیں مثبت ماحول پیدا ہوگا اور خاندانی سطح پر کھیلوں کی ثقافت کو فروغ ملے گا۔وزیر مسٹر سارنگ نے ریاست میں پہلے سے تعمیر شدہ کھیل کمپلیکسز کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کمپلیکسز میں نوجوانوں پر مبنی سرگرمیوں کو بھی شامل کیا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی شرکت یقینی بنائی جا سکے اور کھیل کے ساتھ ساتھ شخصیت کی نشوونما کو بھی فروغ دیا جا سکے۔
وزیر مسٹر سارنگ نے کھلاڑی تربیت و بہبود کمیٹی کا ازسرِنو جائزہ لینے اور اس میں ضروری ترمیمات کر کے اسے مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا طریقہ کار ایسا ہونا چاہیے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ مل سکے اور ان کی تربیت اور فلاح سے متعلق ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔میٹنگ میں کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر منیش سنگھ، ڈپٹی سیکریٹری مسٹر اجے شریواستو، ڈائریکٹر مسٹر انشمان یادو، جوائنٹ ڈائریکٹر مسٹر بی ایس یادو سمیت دیگر سینئر افسران موجود رہے۔









