کھنڈوا، 15 جولائی: مدھیہ پردیش حکومت کے سیاحت و ثقافت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور ضلع کھنڈوا کے انچارج وزیر جناب دھرمیندر سنگھ لودھی نے بدھ کے روز کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس میں حکومت کی مختلف اسکیموں کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں انہوں نے ہدایت دی کہ نگر نگم کے زیر انتظام رین بسیروں میں قیام کرنے والے شہریوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے گرمیوں کے موسم میں کھنڈوا شہر میں پینے کے پانی کی تقسیم کے نظام میں بہتری لانے پر نگر نگم کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ ساتھ ہی ہدایت دی کہ برسات کے موسم میں شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جائے۔
انچارج وزیر جناب لودھی نے اس موقع پر نگر نگم، محکمہ جنگلات، محکمہ آبی وسائل، نرمدا ویلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی، محکمہ ٹرانسپورٹ، محکمہ قبائلی امور، محکمہ صحت، مارکیٹنگ فیڈریشن، محکمہ زراعت اور محکمہ تعاون کے تحت چلائی جا رہی مختلف سرکاری اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں علاقائی رکن پارلیمنٹ جناب گیانیشور پاٹل، کھنڈوا کی رکن اسمبلی محترمہ کنچن مکیش تنوے، ماندھاتا کے رکن اسمبلی جناب نارائن پٹیل، پندھانا کی رکن اسمبلی محترمہ چھایا مورے، ضلع پنچایت کی صدر محترمہ پنکی سدیش وانکھیڑے، کھنڈوا کی میئر محترمہ امریتا امر یادو، کلکٹر جناب رشو گپتا، پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب اگم جین، ضلع بی جے پی کے صدر جناب راج پال سنگھ تومر، ضلع پنچایت کے سی ای او ڈاکٹر ناگارجن بی۔ گوڑا، ایڈیشنل کلکٹر محترمہ سرشتی دیشمکھ گوڑا سمیت دیگر عوامی نمائندے اور افسران موجود تھے۔
اجلاس میں انچارج وزیر جناب لودھی نے نگر نگم کے افسران کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار اور مقررہ مدت کی پابندی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں گندگی کے باعث پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے شہر کی صفائی کے نظام کی باقاعدہ نگرانی کی جائے۔
محکمہ صحت کے جائزے کے دوران انہوں نے دور دراز دیہی علاقوں کے اسپتالوں کے اچانک معائنے کے لیے افسران کی ڈیوٹی لگانے کی ہدایت بھی دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مونگ کی سرکاری خریداری کے لیے ضلع میں 9 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ عوامی نمائندوں کے مطالبے پر انچارج وزیر جناب لودھی نے مونگ خریداری کے مراکز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ضلع میں کھاد، بیج اور باردانے کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا، اور ڈی اے پی کھاد کی کم فراہمی کے پیش نظر اس کے متبادل کے بارے میں کسانوں کو آگاہ کرنے کی ہدایت نائب ڈائریکٹر محکمہ زراعت کو دی۔
انچارج وزیر جناب لودھی نے محکمہ قبائلی امور کے زیر انتظام طلبہ کے ہاسٹلوں اور آشرموں میں طلبہ کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے ان ہاسٹلوں اور آشرموں کے اچانک معائنے کے لیے افسران کی ٹیمیں تشکیل دینے کے بھی احکامات جاری کیے۔