بھوپال:27؍مارچ:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے چھندواڑا ضلع میں جمعرات کو پیش آئے سڑک حادثے میں جاں بحق شہریوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے انہیں تسلی دی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یہ حادثہ نہایت افسوسناک ہے اور مدھیہ پردیش حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے لیے پہلے ہی 4-4 لاکھ روپے کی امداد منظور کی جا چکی تھی، اور اب انہیں سنبل یوجنا کے تحت مزید 4 لاکھ روپے بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ زخمی افراد کو بھی ضروری امداد اور مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی مدد دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو چھندواڑا ضلع کے گاؤں کریر (تحصیل موکھیڑ) میں محترمہ سیا زوجہ کرشنا انواتی، مسٹر رام داس ولد سْکلو پرانے، مسٹر دولت پوار، محترمہ بھاگوتی زوجہ دان سنگھ اور محترمہ شکون زوجہ لکھی چندر یادو کے گھروں پر گئے اور ان سے ملاقات کی۔ گاؤں کریر کے بعد وہ گاؤں گوارا اور گاؤں جھریا بھی پہنچے، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے مل کر انہیں تسلی دی اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس غم کی گھڑی میں ریاستی حکومت آپ کے ساتھ ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ضلع اسپتال چھندواڑا میں حادثے میں زخمی افراد سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ تمام زخمیوں کا مناسب علاج یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اب تک کیے گئے علاج کی تفصیلات معلوم کیں اور کہا کہ ضرورت پڑنے پر زخمیوں کو ناگپور یا دیگر بڑے طبی اداروں میں منتقل کرنے کا انتظام کیا جائے۔ ریاستی حکومت زخمیوں کے مفت علاج کے لیے مکمل طور پر پابند ہے اور اگر کسی کو دوسری جگہ منتقل کرنا پڑا تو بھی مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے چھندواڑا ضلع انتظامیہ، عام شہریوں اور پولیس اہلکاروں کی تعریف کی جنہوں نے حادثے کے بعد صورتحال کو مؤثر طریقے سے سنبھالا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ زخمیوں کی بروقت اور ہمدردانہ مدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کو انعام سے نوازا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے رام نومی کے سلسلے میں پہلے سے طے شدہ ستنا ضلع کے چترکوٹ کے پروگرام منسوخ کر کے چھندواڑا جا کر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔