بھوپال، 25 اکتوبر(پریس ریلیز) خوشبو ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی کے زیر اہتمام معروف شاعر اور سینئر آئی اے ایس افسر اشوک شاہ کے اعزاز میں ایک ادبی شام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی 2 کتابوں ’’ سندھوگھاٹی کی تہذیب کا ایک دن‘‘ اور ’’اسی موڑ پر‘‘ کی رسم رونمائی کے ساتھ کتابوں پر مذاکرہ بھی ہوا۔ اشوک شاہ اس وقت مدھیہ پردیش کمرشیل ٹیکس اپیل بورڈ کے صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔ یہ پروگرام 24 اکتوبر کو شام ساڑھے بجے بینکوئٹ ہال، اریرا کلب روڈ نمبر 1، لنک روڈ، بھوپال میں منعقد ہوا۔
خوشبو ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ اس ادبی تقریب کی صدارت سینئر شاعر اور ادیب راجیش جوشی نے کی، جبکہ محترمہ ارمیلا شریش اور مکیش ورما مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ اشوک شاہ کی دونوں کتابوں پر اظہار خیال کرنے والوں میں رام پرکاش ترپاٹھی، اقبال مسعود، بلرام گمستہ، محمود ملک، ڈاکٹر مہتاب عالم، ونئے اپادھیائے اور ڈاکٹرواجد خان(اردو نیوزریڈر،دور درشن بھوپال) شامل تھے۔ تمام مقررین نے دونوں کتابوں کے مختلف پہلوؤں پر اپنے خیالات پیش کیے۔
اس موقع پر شاعر علیم بزمی نے اشوک شاہ کا تعارف پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت سینئر شاعر بدر واسطی نے انجام دی، جبکہ سوسائٹی کے صدر ساجد پریمی نے شعراء، ادیبوں، صحافیوں اور فوٹوگرافروں کا شکریہ ادا کیا۔