سرینگر24اکتوبر:“جموں و کشمیر کے لوگ زندہ ہیں کیونکہ پاکستان مختلف بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کا مدعہ اٹھا رہا ہے۔” جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کے اس بیان نے تنازعہ کو جنم دیا ہے۔ بارہمولہ میں این سی ورکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا، “پاکستان بہت سی جگہوں پر جا کر کشمیریوں کی بات کر رہا ہے، اسی وجہ سے جموں و کشمیر کے لوگ بچ رہے ہیں۔” ورنہ کشمیریوں کے تئیں بھارت کے عزائم ٹھیک نہیں ہیں۔ فاروق عبداللہ کے اس بیان پر بی جے پی اور وی ایچ پی کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
فاروق عبداللہ نے سوال کیا کہ کیا دہلی سے انصاف کی امید کی جا سکتی ہے؟ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔ این سی صدر نے پارٹی کارکنوں سے کہا، “جب تک آپ خود اپنے پیروں پر کھڑے نہیں ہوں گے، آپ کبھی بھی اپنی عزت دوبارہ حاصل نہیں کر پائیں گے۔ ہمارے لوگوں پر کتنا ظلم ہو رہا ہے… باقی ہندوستان میں کیا ہو رہا ہے، جہاں بی جے پی اقتدار میں ہے، کس طرح ان کی مساجد کو گرایا جا رہا ہے… ان کے مکانات گرائے جا رہے ہیں، ان کی دکانیں گرائی جا رہی ہیں، موت اور زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔” جب تک موت کا وقت نہ آئے اسے کوئی نہیں مار سکتا اور جب وہ زندگی لے لے تو اسے کوئی نہیں بچا سکتا۔









