نئی دہلی24اکتوبر: نوئیڈا کے سیکٹر 125 میں ہفتہ (24 اکتوبر) کو شدید آتشزدگی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ آگ کی زد میں آنے کے سبب 5 سے 6 دکانیں جل کر راکھ ہو گئی ہیں۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوئی۔ اس کے بعد جب جائے وقوعہ کی جانچ کی گئی تو وہاں سے ایک شخص کی لاش ملی۔ یہ معاملہ تھانہ سیکٹر 126 کے علاقہ کا ہے۔ آگ لگنے کی اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔فی الحال آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا ہے اور پولیس معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ متوفی کون ہے اور آگ لگنے کے وقت وہ دکان کے اندر موجود تھا یا نہیں۔ اس کے متعلق تفصیلی معلومات جانچ کے بعد ہی سامنے آ سکیں گی۔ آگ کی زد میں آنے کے سبب دکانوں کو کتنا نقصان ہوا ہے، اس کی بھی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ پولیس اور متعلقہ محکمہ واقعے سے جڑے حقائق کی جانچ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب آندھرا پردیش کے آلوری سیتارام راجو ضلع میں سڑک کی تعمیر کے مقام پر آگ لگنے سے کم از کم 5 لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہ واقعہ ممکنہ طور پر ایک ڈمپر ٹرک میں ایندھن بھرتے وقت پیش آیا۔ پولیس کے ایک افسر نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت بردار نے بتایا کہ یہ واقعہ اننت گری منڈل کے پناکوتا گاؤں میں پیش آیا۔ یہ جگہ مرکزی علاقے سے تقریباً 100 کلومیٹر دور ہے، اس لیے یہاں کام کرنے والے مزدور اکثر گاڑیوں میں ایندھن بھرنے کے لیے ڈرموں میں ڈیزل لے کر آتے ہیں۔