(ناگپور ،کامٹی)22؍اپریل(پریس ریلیز) آ ل انڈیا مسلم او۔ بی۔سی۔ آ رگنائزیشن کے بانی صدر مرحوم شبیر احمد انصاری (جالنه) کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک تعزیتی نشست کامٹی کی ڈاکٹر خلیل اللہ لائبریری میں مورخہ ۱۸ اپریل بروز سنیچر کو رات نو بجے منعقد کی گئی ۔ پروگرام کا آ غاز کرتے ہوئے ناظم جلسہ کمال اختر سلام صاحب نے مرحوم موصوف کی زندگی پر اجمالی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایاکہ مرحوم کی زندگی میں حرکت و عمل کا زبردست پیغام ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ جو قومیں فضول بحثوں میں ملوث ہو جاتی ہیں، وہ میدان عمل میں سست پڑجاتی ہیں اور بالآخر ترقی کی راہوں سے بھٹک کر گمراہی کے اندھیروں میں غرق ہو جاتی ہیں۔ ضمیر رشیدی نے کہا کہ مرحوم کی زندگی ہمیں جہد مسلسل کا سبق دیتی ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ہم استقامت کے ساتھ جہد مسلسل کو اپنی زندگی کا شعار بنا لیں۔جب ہم مثبت اور تعمیری کاموں پر اپنی توجہ مر کوز کر لیں گےتو جہاں کہیں، جب کبھی ہم ملینگے تو ہماری محفلوں میں یہی باتیں ہوں گی کہ کون سا نیا تعمیری کام شروع کرنا ہے،کس کام میں کون سی رکاوٹ درپیش ہے، اور اس کو کس طرح دور کیا جا سکتا ہے، وغیرہ ۔اردو اور مراٹھی کے مشہور شاعر جمیل انصاری صاحب نے مرحوم موصوف کی انتھک کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ میدان عمل کے عظیم مجاہد تھے۔اس موقع پر ایڈوکیٹ لئیق حسین سر نے مرحوم کے سانحہ ارتحال کو مسلمانوں کا ایک نا قابل تلافی نقصان قرار دیا۔ مقرر خصوصی جناب نظام الدین انصاری صاحب (مدیر ،تحریک اصلاح، ناگپور )نے مرحوم کے کاموں کا قدرے تفصیل سے جائزہ پیش کیا۔اور بتایا کہ انہوں نے بلا تفریق مذہب و ملت سماج کے ہر پسماندہ، دبے کچلے طبقے کے لیے کام کیا۔ اخیر میں مہمان خصوصی جناب صادق الزماں صاحب (سابق ڈائریکٹر، ٹیکسٹائل ڈیپارٹمنٹ) نے کہا کہ قوم کے بچوں کو اعلیٰ سرکاری عہدوں تک پہنچانا ہی مرحوم کے لیے سچا خراج عقیدت ہے۔ مولانا سر اج احمد صاحب( سابق امیر، جماعت اسلامی ،کامٹی) نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ مرحوم کے مشن کو آ گے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نےدعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔(آمین)۔