جوہانسبرگ، 23 اپریل (یو این آئی) کپتان لورا وولفارٹ (115) کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے تیسرے ٹی20 میچ میں ہندوستان کو 21 گیندیں باقی رہتے 9 وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ جنوبی افریقہ نے پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی ناقابلِ تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔بدھ کی شب وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 192 رنز اسکور بنایا۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے 16.3 اوورز میں ایک وکٹ پر 193 رنز بنا کر میچ اور سیریز اپنے نام کر لی۔لورا وولفارٹ نے 53 گیندوں پر 14 چوکے اور 5 چھکے لگا کر 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ سونے لوس نے 42 گیندوں پر 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔اس سے قبل ہندوستان کی جانب سے اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما نے 68 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ شیفالی ورما نے 46 گیندوں پر 64 رنز جبکہ کپتان ہرمن پریت کور نے 38 گیندوں پر 66 رنز اسکور کیے۔جنوبی افریقہ کے لیے نونکولولیکو ملابا نے دو وکٹ حاصل کیے، جبکہ ندین ڈی کلرک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔