چٹگاؤں، 23 اپریل (یو این آئی) نجم الحسن شانتو (105) اور لٹن کمار داس (76) کی شاندار بلے بازی کے بعد مصطفیٰ رحمٰن (پانچ وکٹ) کی عمدہ گیندبازی کی بدولت بنگلہ دیش نے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو 55 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔266 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 210 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ڈین فاکس کرافٹ نے 75 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ نک کیلی نے 59 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مصطفیٰ رحمٰن نے نو اوورز میں 43 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ناہید رانا اور مہدی حسن میراز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 265 رنز اسکور بنائے۔ ٹیم کی ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں، تاہم نجم الحسن شانتو اور لٹن داس نے ذمہ دارانہ شراکت قائم کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔ شانتو نے 105 اور لٹن نے 76 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ توحید ہردوئے نے ناٹ آؤٹ 33 رنز کا اضافہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم اورورک نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بینجمن لسٹر اور جیڈن لینوکس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس کامیابی کے ساتھ بنگلہ دیش نے سیریز پر قبضہ جما لیا اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔