بھوپال:14؍مئی:مدھیہ پردیش حکومت خواتین کی صحت کے تحفظ اور معیاری صحت خدمات کے فروغ کے لیے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ریاست میں رحمِ مادر کی گردن (سروائیکل) کینسر کی بروقت جانچ اور مؤثر انتظام کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم پہل کی گئی ہے۔ نیشنل ہیلتھ مشن مدھیہ پردیش اور بھارگوی ہیلتھ کیئر (بی جی ایچ)، حیدرآباد کے درمیان ایم او یو کیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ نیشنل نان کمیونی کیبل ڈیزیز کنٹرول پروگرام کے تحت ریاست میں سروائیکل کینسر کی اسکریننگ اور انتظام کو مضبوط بنانے کے لیے صلاحیت سازی اور تکنیکی تعاون پر مرکوز ہے۔
ایم او یو میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ریوا ضلع میں 25 سے 65 سال عمر کے طبقے کی تقریباً 10 ہزار خواتین کی ایچ پی وی ڈی این اے بنیاد پر سروائیکل کینسر اسکریننگ کی جائے گی۔ نیشنل ہیلتھ مشن، مدھیہ پردیش کی جانب سے ریاستی سطح پر مؤثر اشتراک کے لیے اے این ایم، اسٹاف نرس، سی ایچ او اور آشا کارکنان کے انتخاب اور تربیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ بھارگوی ہیلتھ کیئر، حیدرآباد کی جانب سے سروائیکل کینسر کی جانچ اور علاج کے لیے ماہر تکنیکی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ادارے کی جانب سے تربیتی اشیاء اور معیاری رہنما ہدایات تیار کی جائیں گی اور “ٹرین-دی-ٹرینر” پروگراموں کے ذریعہ ریاست میں ماہر ماسٹر ٹرینرز کی ٹیم تیار کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے مسلسل تکنیکی تعاون، تحقیق اور علم کے تبادلے سے متعلق سرگرمیاں بھی چلائی جائیں گی۔









