بھوپال:02؍جولائی:وزارت امداد باہمی ، حکومت ہند کے قیام کے پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کیے جا رہے امداد باہمی ہفتہ کے تحت مدھیہ پردیش ریاستی امداد باہمی فیڈریشن لمیٹیڈ بھوپال کی جانب سے منعقدہ تین روزہ ریاست سطحی امداد باہمی نمائش کا افتتاح جمعرات کو وزیر امداد باہمی ، کھیل اور نوجوان بہبود مسٹر وشواس کیلاش سارنگ نے کیا۔ تقریب کا آغاز چراغ روشن کرنے کے ساتھ ہوا۔ وزیر مسٹر سارنگ نے فیتہ کاٹ کر نمائش کا باضابطہ افتتاح کیا اور مختلف امداد باہمی اداروں، قومی امداد باہمی تنظیموں، سرکاری محکموں، خواتین کے خود امدادی گروپوں اور پیداواری تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے نمائش میں پیش کیے گئے مصنوعات، اختراعات اور خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کرکے نمائندوں سے گفتگو کی اور امداد باہمی پر مبنی معاشی سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔وزیر مسٹر سارنگنے کہا کہ ملک کے وزیراعظم مسٹر نریندر مودی ملک میں ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مسلسل نئے نئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔امداد باہمی اس ترقیاتی سفر کا ایک نہایت اہم پہلو ہے۔ اسی نظریہ کے تحت وزیراعظم مسٹر مودی نے ملک میں الگ وزارت امداد باہمی قائم کی اور ملک کے مرکزی وزیر داخلہ و امداد باہمی مسٹر امت شاہ کو اس کی ذمہ داری سونپی۔ آج امدا دباہمی کے شعبہ میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 29 جون سے 5 جولائی تک پورے مدھیہ پردیش میں ’امداد باہمی ہفتہ‘کا انعقاد کیا جارہاہے ۔ جس کے تحت مختلف پروگراموں کے ذریعہ امدادباہمی کے تصور کو عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ریاست سطحی امداد باہمی نمائش بھی اسی سلسلے اہم انعقاد ہے۔
وزیر مسٹر سارنگ نے کہا کہ یہ نمائش امداد باہمی سے متعلق تمام اہم پہلوؤں کی جامع جھلک پیش کرتی ہے۔اس کے ذریعہ ریاست میں امداد باہمی کے شعبہ میں کیے جا رہے کاموں، فراہمیوں، اختراعات اور مختلف منصوبوں کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امداد باہمی ادارے اختراع کے ذریعہ جو معیاری مصنوعات تیار کر رہے ہیں، ان کا مظاہرہ بھی اس نمائش میں کیاجارہا ہے۔اس سے امداد باہمی اداروں کونئے بازار دستیاب ہوںگے، مصنوعات کی تشہیر و فروغ ہوگا اور ریاست میں امداد باہمی تحریک کو مزید مضبوطی ملے گی۔









