بھوپال 2جولائی:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی ترجیحات والے موضوعات پر فوری کارروائی کی جائے۔ مہم چلا کر اہداف کو پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ان دنوں اسکول چلو مہم چل رہی ہے۔ 15 جولائی تک چلنے والی اس مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ ساندیپنی اسکول کی عمارتوں کا افتتاح اور اسکولوں کی معقولیت (ریشنلائزیشن) کا کام کرایا جائے، تاکہ طلبہ کو اسی سیشن میں زیادہ سے زیادہ فائدہ مل سکے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ساندیپنی اسکول ریاست کی سب سے بڑی اور بہترین جدت طرازی ہے۔ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اس کی قومی اور عالمی سطح پر برانڈنگ کے لیے ایکشن پلان تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ چترکوٹ کی ترقی کے لیے خصوصی کوششیں کی جائیں۔ یہاں ستی انوسوئیا مندر کمپلیکس، ستی انوسوئیا ملٹی فیسلٹی سینٹر اور گپت گوداوری مندر کمپلیکس کی تعمیر ہونی ہے، یہ کام تیزی سے پورا کر لیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منداکنی ندی جوڑو پروجیکٹ کے لیے اتر پردیش حکومت تیار ہے۔ جلد ہی دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ میں اس پروجیکٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بھوپال کے بھارت ہیوی الیکٹریکلز لمیٹڈ (بھیل) کو حکومت کی طرف سے دی گئی زمین میں سے بھیل کے لیے فی الحال غیر استعمال شدہ زمین ان سے واپس لینے کی کوششیں کی جائیں۔ اس کے لیے مرکزی بھاری صنعتوں کی وزارت سے تال میل کر کے یہ کارروائی جلد سے جلد کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یونین کاربائیڈ انڈیا لمیٹڈ (یو سی آئی ایل) کی کیمیائی کچرے سے پاک زمین پر ایک شاندار یادگار تعمیر ہونی ہے، اس کے لیے ایپکو (EPCO) ایکشن پلان تیار کرے اور فی الحال گجرات کے بھج میں تیار میوزیم کا موقع پر معائنہ کر کے بھوپال میں بھی ایسی ہی شاندار یادگار تیار کرنے کے لیے باقاعدہ تجویز پیش کرے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ دیہی علاقوں میں آبادی کی مفت رجسٹری کے لیے ریاست کے 53 ہزار گاؤں میں مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کی وسیع پیمانے پر تشہیر بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے گاؤں گاؤں کیمپ لگا کر دیہاتیوں کی رجسٹریشن کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں زمین کو آبادی کی زمین قرار دینے کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے۔ گرمیوں کے موسم میں شہری اور دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام کے لیے پہلے سے بہتر تیاری کر لی جائے۔ اس سال ریاست کے کسی بھی ضلع میں پینے کے پانی کو ٹرانسپورٹ (ٹینکروں کے ذریعے سپلائی) کرنے کی نوبت نہیں آئی۔