رائسین:30؍مارچ : ضلع رائسین کی غیرت گنج تحصیل کے انوویبھگیہ افسر (ریونیو) جناب انکیت جین کی صدارت میں گرام پنچایت دفتر گڑھی کے میٹنگ حال میں سرپنچ جناب سید مسعود علی پٹیل کی موجودگی میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔میٹنگ میں گرام میں پیدا ہو رہی پینے کے پانی کی شدید قلت، جل گنگا سنوردھن ابھیان کے تحت پرانے آبی ذخائر کی گہرائی بڑھانے، عوامی شراکت سے ترقیاتی کاموں کے نفاذ، اور رائسین سے راحت گڑھ تک تقریباً 81 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر سمیت مختلف اہم ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پینے کے پانی کے مسئلہ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے گرام پنچایت کی جانب سے سرپنچ سید مسعود علی پٹیل نے نئے نلکُوپ (بورویل) کی کھدائی کے لیے ایک تجویز اور درخواست انوویبھگیہ افسر جناب انکیت جین کو پیش کی۔انہوں نے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے بات چیت کر کے جلد از جلد حل نکالنے کی یقین دہانی کرائی۔ اسی کے ساتھ جل گنگا سنوردھن ابھیان کے تحت گاؤں کے پرانے تالاب کی مرمت و بحالی عوامی شراکت سے کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر بلاک میڈیکل آفیسر جناب سندیپ یادو سمیت پنچایت اور صحت محکمہ کے دیگر افسران اور ملازمین بھی موجود رہے۔