نئی دہلی 15اپریل:مودی حکومت نے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے، جس میں حد بندی اور خواتین ریزرویشن بل سے متعلق کچھ اہم پیش قدمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ اس معاملے میں آج انڈیا بلاک میں شامل پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش پر انتہائی اہم میٹنگ کی۔ میٹنگ کی کچھ تصویریں شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلا کر بے حد خامیوں سے بھری اور غیر آئینی حد بندی کے عمل کو نافذ کرنے والی ہے۔ آج اس ایشو پر اہم میٹنگ ہوئی جس میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران موجود رہے۔‘‘
اس میٹنگ کے بعد کانگریس صدر کھڑگے نے میڈیا سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’ہم سبھی خواتین ریزرویشن بل کے حق میں ہیں، لیکن جس طریقے سے اسے پیش کیا گیا ہے وہ اعتراض کے قابل ہے اور ہم اس معاملے میں سنجیدہ فکر رکھتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اس قدم میں سیاسی محرکات موجود ہیں۔ مودی حکومت اس طرح اپوزیشن پارٹیوں کو نشانہ بنانے اور دبانے کے لیے کام کر رہی ہے۔‘‘









