کولکاتہ9مئی: مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتہ کے بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ ریاست میں بی جے پی کی پہلی حکومت کی حلف برداری تقریب میں انتہائی جذباتی لمحہ دیکھنے کو ملا۔ یہاں اسٹیج پر وزیر اعظم نریندر مودی جیسے ہی پہنچے، انہوں نے اسٹیج پر بیٹھے ایک بزرگ کے پاؤں چھوئے۔ انہیں گلے لگایا اور کافی دیر تک باتیں کرتے دکھائی دیے۔ اس 98 سالہ بزرگ کا نام ماکھن لال سرکار ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لال چوک پر شیاما پرساد مکھرجی کے ساتھ ترنگا لہرایا تھا۔ ماکھن لال سرکار مغربی بنگال میں بی جے پی کے بانی اراکین میں سے ایک ہیں۔ ماکھن لال سرکار 1952 میں شیاما پرساد مکھرجی کے ساتھ گرفتار ہوئے تھے۔ آزاد ہندوستان میں انہوں نے کئی تحریکوں میں حصہ لیا۔ مغربی بنگال میں جب بائیں بازو کی جماعتیں بی جے پی کو مکمل طور پر کچلنے کی کوشش کر رہی تھیں، تب بھی ماکھن لال زمینی لڑائی لڑتے رہے۔ جب 1980 میں بی جے پی وجود میں آئی، تب مغربی دیناج پور میں ماکھن لال سرکار کو وہاں کا کوآرڈینیٹر بنایا گیا تھا۔ اس دور میں انہوں نے ایک سال کے اندر دارجلنگ کے علاقے میں بی جے پی کے ساتھ 10 ہزار لوگوں کو جوڑا تھا۔ 1981 سے مسلسل وہ بی جے پی ضلع صدر سے لے کر کئی عہدوں پر فائز رہے۔ وزیر اعظم مودی نے جب اسٹیج پر ماکھن لال سرکار کے پاؤں چھوئے تو وہاں موجود تمام لوگ جذباتی ہو گئے۔ کئی لوگوں کو سمجھ ہی نہیں آ رہا تھا کہ آخر وزیر اعظم کس بزرگ کے پاؤں چھو رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے ماکھن لال سرکار کو شال بھی اوڑھائی۔ ساتھ ہی کافی دیر تک ان سے باتیں کرتے رہے۔